راجوری//محکمہ وائلڈ لائف، پولیس اور مقامی لوگوںنے لڈوت کالاکس گائوںسے زخمی تیندوے کو دبوچ کراسے علاج کیلئے جموں بھیج دیاہے ۔مقامی لوگوں نے دیکھاکہ تیندوا صبح کے وقت ایک گائو خانہ میں داخل ہوا جس پر بڑی تعداد میں لوگ جمع ہوئے اور تیندوے کو وہاںسے بھگانے میں کامیاب ہوئے ۔تیندوے نے وہاںسے بھاگ کر ایک غار میں پناہ لی جس کی اطلاع ملنے پر مقامی لوگوں ، پولیس اور کنفلکٹ افسر مشتاق احمد کی قیادت والی محکمہ وائلڈ لائف کی ٹیم موقعہ پر پہنچی اور تیندوے کو پکڑنے کی کوششیں شروع کردیں ۔اس دوران پانچ گھنٹوں سے زائد عرصہ تک یہ آپریشن جاری رہا اور آخر کار وائلڈ لائف کی ٹیم نے اسے دبوچ لیا لیکن یہ دیکھاکہ وہ زخمی ہے ۔محکمہ کی ٹیم نے زخمی تیندوے کو ضلع ویٹرنری ہسپتال راجوری منتقل کیا جہاںسے طبی امداد دینے کے بعد اسے جموں منتقل کردیاگیاہے ۔مشتاق احمد نے بتایاکہ زخمی تیندوے کو علاج کیلئے جموں منتقل کیاگیاہے ۔