منجاکوٹ//منجاکوٹ کے گھمبیر مغلاں میں قائم پی ایچ سی میں پچھلے کئی عرصہ سے ایک بھی ڈاکٹر تعینات نہیں جس کی وجہ سے مریضوں کو مقامی سطح پر علاج کی کوئی سہولت نہیں ملتی اوروہ پریشان حال ہیں ۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ گھمبیر مغلاں ایک وسیع علاقہ ہے جہاں لگ بھگ 15ہزار لوگ بستے ہیں ۔پرائمری ہیلتھ سنٹر گھمبیر مغلاں میں علاج کیلئے بہروٹ گلی،گالہ،کوٹلی کالابن،جنو پہاڑی و دیگر علاقوں کے لوگ آتے تھے جنہیں اب مشکلات کاسامنا کرناپڑرہاہے اور وہ اپنا علاج یا تو منجاکوٹ یا پھر راجوری سے کرانے پر مجبور ہیں ۔ مقامی لوگوں کاکہناہے کہ طبی عملے کی تعیناتی نہ ہونے پر حکام کو آگاہ بھی کیاگیالیکن ابھی تک کوئی کارروائی نہیں کی گئی ۔ انہوںنے کہاکہ یہ ایک بڑی آبادی والا علاقہ ہے جس کو اس طرح سے نظرانداز نہیں کیاجاناچاہئے اور لوگوں کو مقامی سطح پر ہی طبی خدمات فراہم کرنے کے اقدامات کئے جانے چاہئیں ۔ انہوںنے کہاکہ ان کی بدقسمتی ہے کہ پندرہ ہزار کی آبادی کو ایک بھی ڈاکٹر مہیا نہیں اور علاج کیلئے منجاکوٹ یاپھر راجوری جاناپڑتاہے جہاںتک کا سفرکافی طویل ہے اور ساتھ ہی ہسپتال میں بھیڑ کی وجہ سے سارا دن بھی ضائع ہوجاتاہے ۔