رام بن//قصبہ رام بن کی حدود میں جہاں آئے روز وسعت ہو رہی ہے وہیں عوام کے مسائل میں بھی دن بدن اضافہ ہو رہاہے ۔دریں اثنا سول سوسائٹی کے ممبران اور کچھ غیر سرکاری تنطیموں نے مقامی انتظامیہ کی توجہ اس جانب مبذول کی ہے ان کا کہنا ہے کہ سنیاری ، نئی بستی، میترا،کیفٹریا موڑ،باولی بازاراور دیگر وارڈوں کی حالت قابل رحم ہے۔ان علاقوں میں نالیاں ٹوٹی پھوٹی ہیں جن کا گندہ پانی سڑکوں پر بہہ رہاہے ۔لوگوں کا راہ چلنا دشوار بن گیا ہے اور گندے پانی کی بدبو کی وجہ سے آس پاس کے رہائش پذیر لوگوں کاجینا دوبھر ہوگیا ہے۔قصبہ میں دوسری بڑی پریشانی یہ ہے کہ گاڑیوں کے مالکان اکثر سڑکوں پر گاڑیاں کھڑی کر دیتے ہیں جس کے نتیجہ میں ٹریفک جام ہوجاتا ہے ۔ممبران نے ضلع انتظامیہ سے استدعا کی کہ وہ ان عوامی مسائل کو حل کرنے کے ساتھ ساتھ قصبہ کو جاذب نظر بنانے کے لئے فوری اور موثر قدم اٹھائے۔