بھدرواہ//حالیہ برف باری سے پیدا شدہ صورت حال کا جائزہ لینے کے لئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر بھدرواہ امام دین کی صدارت میں آج یہاں ایک میٹنگ منعقد ہوئی جس میں ضلع کے سبھی افسروں نے شرکت کی۔ امام دین نے انہیں ہدایات دیں کہ وہ قصبہ خصوصی طور پر دور افتادہ اور پہاڑی علاقوں کے عوام کے مسائل کا پتہ چلاکر انہیں اولین فرصت میں حل کریں انہوں نے افسروں کو اپنے اپنے صدر مقامات پر حاضر رہنے کی ہدایات دیںتاکہ کسی بھی عوامی مسلے کو بغیر کسی تاخیر کے حل کیا جاسکے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے قصبہ میں لازمی خدمات کو بغیر کسی تاخیر کے بروقت بحال کرنے پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا۔امام دین نے حکام سے کہا کہ وہ ایسے علاقوں جن میں ابھی تک بجلی اور پانی کی سپلائی بحال نہیں ہوئی ہے تمام تر مشینری اور افرادی قوت کو بروئے کار لائیں تاکہ ان بنیادی سہولیات کو جلد بحال کیا جاسکے۔انہوں نے افسروں سے مزید کہ کہ وہ برف باری کی صورت میں کسی بھی ہنگامی صورت سے نمٹنے کے لئے تمام تر انتظامات کو یقینی نبائے رکھیں۔