گول//گول میں این جی او سوشل لائف سروس آرگنائزیشن کی جانب سے ڈاک بنگلہ میں ایک میٹنگ کا انعقادہوا جس میں گول کے معزز شہریوں نے شرکت کی ۔ اس موقعہ پر مقرر محمد شفیع جرال نے کہا کہ یہ آرگنائزیشن ملک بھر میں 13ریاستوں میں کام کرتی ہے اور غریب عوام کی فلاح وبہبود اور غریب لڑکیوں کو مختلف پروجیکٹوں میں کام دلوانے کے لئے کام کرتی ہے ۔ محمد شفیع جرال نے کہا کہ ہم بنیادی سطح پر کام کرنا چاہتے ہیں اور یہ مستند این جی او ہے اور ہم شکوک وشبہات کو دور کرنے کے لئے وفد کی صورت میں دلی گئے جہاں پر ہم نے ہیڈ آفس میں اعلیٰ حکام سے بھی رابطہ کیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ گول میں ایک سلائی سینٹر اس آرگنائزیشن کی جانب سے کھولا گیا ہے اور مزید سب ڈویژن گول میں سلائی سینٹر کھولے جائیں گے اور مختلف طریقوں سے غریب عوام کی فلاح و بہبود کے لئے کام کرتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سرکار کی جانب سے جو امداد براست این جی اوز دی جاتی ہے وہ زمینی سطح پر اُن غریبوں تک نہیں پہنچتی ہے اس لئے ہم نے یہ قدم اٹھایا ہے کہ جس آرگنائزیشن کی بنیاد گول میں ڈالی گئی اس کا بھر پور فائدہ غریب عوام کو پہنچنا چاہئے پھر ہی یہ این جی او کامیاب ہے اور ہم بھی کامیاب ہیں ۔ انہوں نے اس موقعہ پر لوگوں کو اس این جی او کے ساتھ جڑنے کی اپیل کی تا کہ ہر ایک غریب شخص کو اس کا فائدہ مل سکے ۔