راجوری //راجوری ہسپتال میں تعینات طبی و نیم طبی عملہ کیلئے رہائشی کوارٹر نہ ہونے کی وجہ سے مریضوں کے علاج پر اثر پڑرہاہے ۔ اگرچہ ہسپتال انتظامیہ کی طرف سے ان رہائشی کوارٹروں جن کا سنگ بنیاد 2014میں رکھاگیاتھا ، کی تکمیل کیلئے 943.50لاکھ روپے کی ڈی پی آر (ڈیٹیل پروجیکٹ رپورٹ )تیار کرکے حکام کو روانہ کی گئی ہے تاہم ابھی تک اس حوالے سے کوئی پیشرفت نہیں ہوئی ۔ذرائع نے کشمیر عظمیٰ کو بتایاکہ رہائشی کوارٹر وں کی عدم موجودگی کے باعث مریضوں کے علاج پر اثر پڑرہاہے ۔ذرائع کاکہناہے کہ ہنگامی حالات میں صرف وہی ڈاکٹر دستیاب ہوتاہے جس کی اس روز ڈیوٹی ہوتی ہے جبکہ بقیہ تمام ڈاکٹروں نے شہر میں پرائیویٹ کمرے کرایہ پر لے رکھے ہیں جن کو ہسپتال پہنچتے پہنچتے وقت لگتاہے ،نتیجہ میں مریض یا زخمی کو وقت پر علاج نہیں ملتا۔ذرائع نے بتایاکہ ڈاکٹروں کے پاس پرائیویٹ کمرے لے کر رہنے کے بغیر دوسرا کوئی متبادل نہیں کیونکہ رہائشی کوارٹر نہیں ہیں ۔ ذرائع نے مزید بتایاکہ رہائشی کوارٹروں کی تعمیر کیلئے ڈی پی آر تیار کرکے حکومت کو روانہ کی گئی ہے لیکن ابھی تک اس حوالے سے کوئی پیشرفت نہیں ہوئی اور نہ ہی کسی رد عمل کا اظہار کیاگیاہے ۔ذرائع نے بتایاکہ چیف میڈیکل افسر راجوری کی اپیل پرجے کے پی سی سی کے ڈپٹی جنرل منیجر کی طرف سے943.50لاکھ روپے کی ڈی پی آر تیار کرکے حکومت کو روانہ کی گئی ہے لیکن کئی عرصہ گزر جانے کے بعد بھی اس پر کوئی پیشرفت نہیں ہوئی ۔ذرائع کاکہناہے کہ ڈی پی آر میں بارہ ڈاکٹروں اورنیم طبی عملہ کے بھی بارہ افراد کیلئے رہائشی کوارٹروں کامنصوبہ پیش کیاگیاہے ۔ذرائع نے مزید بتایاکہ رہائشی کوارٹروں کا سنگ بنیاد 4فروری 2014کو اس وقت کے وزیر برائے صحت و طبی تعلیم نے رکھاتھا جس پرکام شروع نہیں کیاگیا ۔اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر راجوری نے کمشنر سیکریٹری محکمہ صحت و طبی تعلیم سے 11-06-2017کو خط زیر نمبرPS/DDCR/Health-24/2017-18کے ذریعہ رابطہ کرکے ڈی پی آر کے مطابق رقم جاری کرنے کی اپیل کی تھی تاکہ رہائشی کوارٹروں کاکام جلد سے جلد شروع کرکے مکمل کیاجاسکے ۔اس کے علاوہ سی ایم او نے بھی ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز جموں کو 18-07-2017کو خط زیر نمبر CMO/P&S/R/2017-18/3882-86کے ذریعہ ڈی پی آر کے بارے میں مطلع کیا اور کہاکہ رہائشی کوارٹر انتہائی ضروری ہیں مگر ابھی تک کوئی اقدام نہیں کیاگیا۔ ضلع انتظامیہ کے سرکاری ترجمان نے بتایاکہ رہائشی کوارٹروں کی تعمیر کیلئے ڈی پی آر تیار کرکے اعلیٰ حکام کوروانہ کی گئی ہے ۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ ضلع ہسپتال راجوری کا مفصل پروجیکٹ 3636.00لاکھ روپے کا تھا جس میںسے 3449.00لاکھ روپے ریلیز کردیئے گئے جبکہ بقیہ رقم فرنیچر اور دیگر اشیاء کی فراہمی کیلئے حکام نے روک دی ۔