بانہال // جموں سرینگر شاہراہ پر پیر کے روز وادی کشمیر سے جموں کی طرف یکطرفہ طور ٹریفک کو چلنے کی اجازت تھی اور اس دوران مخالف سمت سے کسی بھی قسم کے ٹریفک کو چلنے کی اجازت نہیں تھی تاہم جموں سے رام بن اور رام بن سے ریلوے اسٹیشن بانہال کے درمیان مسافر گاڑیوں کو مخالف سمت میں بھی چلنے کی اجازت تھی۔وادی سے جموں کی طرف بھاری ٹریفک کی وجہ سے رام بن اور بانہال کے درمیان کئی مقامات پر وقفے وقفے سے جاری ٹریفک جام کی وجہ سے ٹریفک کی نقل وحرکت نہایت ہی سست رہی اور مسافروں اور ضلع رام بن کے مقامی لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ ٹریفک جام کی وجہ سے بانہال اور رام بن کا سیکٹر پار کرنے میں مسافروں کو کئی کئی گھنٹوں کی تاخیر کا سامنا کرنا پڑا ۔ کئی مسافروں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ وہ صبح دس بجے بانہال سے نکلے ہیں اور سہہ پہر تین بجے بعد ہی رام بن پہنچنے میں کامیاب ہوئے۔ اس کے علاؤہ رام بن ،رامسو اور بانہال کے درمیان سفر کرنے والے مقامی مسافروں بیماروں اور سرکاری ملازمین کو بھی سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ ٹریفک جام کیلئے چھوٹی مسافر گاڑیوں کی اندھا دھند اور ٹیکنگ اور کئی مقامات پر بیچ سڑک میں گاڑیوں کا خراب ہوںا بھی ٹریفک جام کی وجوہات کیلئے ذمہ دار ہیں۔ٹریفک حکام کا کہنا ہے کہ وادی سے چھوڑا گیا بیشتر ٹریفک پیر کی شام تک رام بن سیکٹر کو پار کر رہا تھا اور رام بن بانہال سیکٹر میں سڑک کی خراب حالت اور بھاری ٹریفک کی وجہ سے گاڑیوں کی آمدورفت سست رہی ۔