چھاترو// تعلیمی زون اندروال میں ایس ایس اے کے تحت رہبر تعلیم اساتذہ دو ماہ سے تنخواہوں سے محروم ہیں اس سلسلے میں بدھ کو فورم کے سینئر لیڈر رفاض احمد ملک کی صدارت میں چھاترو میں ایک میٹنگ منعقد ہوئی جس میں اساتذہ کو درپیش مختلف مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ یہاں جاری پریس بیان کے مطابق اساتذہ دو ماہ سے تنخواہوں سے محروم ہیں جس کے باعث اساتذہ کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ترجمان رفاض احمد ملک نے کہا کہ حکومت اساتذہ کی بند پڑی تنخواہوں کی واگزاری میں سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کر رہی جس کی وجہ سے آج اساتذہ مشکلات سے دوچار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تنخواہ اساتذہ کا بنیادی حق جس سے انہیں محروم رکھا جا رہا جو کہ ناقابل قبول ہے انہوں نے کہا کہ حکومت ہمیشہ سے اساتذہ کو وقت پر تنخواہیں فراہم کرنے کے بلند بانگ دعوے کرتی ہے لیکن ان پر عمل درآمد نہیں کیا جاتا۔ تنخواہوں کی عدم دستیابی کے باعث اساتذہ در در کی ٹھوکریں کھانے کو مجبور ہیں۔ انہوں کہا کہ کئی اساتذہ کا ایریر ابھی تک ادا نہیں کیا گیا ہے جو کہ نہایت ہی افسوس ناک ہے۔ انہوں نے وزیر تعلیم کے حالیہ بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ موصوف بیانات کے بجائے اساتذہ کے مسائل کے فوری حل کے لئے اقدامات اٹھائیں۔ انہوں نے کہا کہ ایس ایس اے اساتذہ پر تنخواہوں کی عدم ادائیگی کی باعث فاقہ کشی کی نوبت آئی ہے لیکن سرکار ابھی تک کسی بھی طرح کے اقدامات کرنے میں ناکام ثابت ہوئی ہے۔ انہوں نے متنبہ کرتے ہوئے کہا اگر فوری طور پر اساتذہ کی تنخواہیں واگزار نہیں کی گئی تو وہ اپنے جائز مطالبات کو منوانے کے لئے اہل خانہ سمیت سڑکوں پر احتجاج کرنے کو مجبور ہوں گے جس کی ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی ۔