راجوری //خطہ پیر پنچال کے معروف تعلیمی ادارے ہمالین ایجوکیشن مشن نے اپنا 38واں سالانہ یوم تاسیس منایا ۔ اس سلسلے میں ہمالین ایجوکیشن کالج ٹھنڈی کسی میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں بڑی تعداد میں معززین اور طلباء نے شرکت کی ۔ اس موقعہ پر مہمان خصوصی وزیر برائے تعمیرات عامہ نعیم اختر تھے جنہوںنے اپنے خطاب میں بنیادی معیاری تعلیم کی اہمیت پر زور دیا ۔ انہوںنے کہاکہ کسی بھی طالب علم کے کیریئر کو بہتر بنانے میں اس کی بنیادی تعلیم اہم رول ادا کرتی ہے اس لئے ہر ایک طالب علم کو بنیادی معیاری تعلیم دی جانی چاہئے ۔ان کاکہناتھا ’’کم عمری میں معیاری تعلیم سے ٹھوس بنیادرکھی جاتی ہے جس سے مستقبل کو تابناک بنایاجاسکتاہے ‘‘۔نعیم اختر نے کہاکہ طلباء کو تعلیم کے میدان میں نمایاں کامیابی حاصل کرنی چاہئے اور ان کی نگاہ محنت و لگن سے منزل کی حصولی پر ہونی چاہئے ۔انہوںنے کہاکہ جو ایمانداری ، محنت اورقابلیت سے کام لیتے ہیں وہ سماج میں ایک اچھا نام پید اکرتے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ طلباء دستیاب وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے ان سے فائدہ اٹھائیں ۔انہوںنے ادارے کی سراہنا کرتے ہوئے کہاکہ یہاں معیاری تعلیم اور تحقیقی سرگرمیاں ہوتی ہیں جس کیلئے وہ ادارے کی انتظامیہ کی سراہنا کرتے ہیں ۔یہ تقریب ہمالین ایجوکیشن مشن سوسائٹی کے زیر اہتمام منعقد کی گئی ۔ یہ سوسائٹی خطہ پیر پنچال میں پچھلے پچیس سال سے اپنی خدما ت انجام دے رہی ہے ۔ اس موقعہ پر بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر جاوید مسرت ، پہاڑی مشاورتی بورڈ کے وائس چیئرمین کلدیپ راج گپتا، ڈپٹی کمشنر راجوری ڈاکٹر شاہد ااقبال چوہدری ، ایڈیشنل ڈی ڈی سی اے ایس چب ، پرنسپل پی جی کالج راجوری پروفیسر جاوید قاضی ، ایڈیشنل ایس پی محمد یوسف ، پرنسپل پونچھ کالج مسرف شاہ ، سی ای او لعل حسین ، ڈائٹ پرنسپل پردیپ کے شرما، اے آر ٹی او راجوری جگل شرما، ادارے کے سربراہ فاروق مضطر ، نثار راہی ، سلیم وانی ، مسلم وانی ، مقامی صحافی و معززین اور طلباء بھی موجو دتھے ۔تقریب دوران ثقافتی پروگرام، ڈرامے اور مذہبی بھائی چارے ، بیٹی بچائو بیٹی پڑھائو و رڈ سیفٹی پر مبنی پروگرام پیش کئے گئے جن کو بے حد سراہاگیا۔ اس دوران انجم خان ، اظہر امین ، ابرار مرزا اور سمیت سوری سمیت ان کے اے ایس افسران کی عزت افزائی بھی کی گئی جنہوںنے حالیہ نتائج میں کامیابی حاصل کی ۔اس موقعہ پر ادارے کے سربراہ فاروق مضطر نے امن کے فروغ کیلئے بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی کے رجسٹرار پروفیسر اقبال پرویز کو پیس و ابجیکٹو سٹیڈیز کے سنٹر کے قیام کیلئے 10لاکھ روپے کا چیک پیش کیا ۔تقریب کے دوران کچھ شخصیا ت کو انعامات سے بھی نوازاگیا۔ ڈپٹی کمشنر راجوری ڈاکٹر شاہد اقبال چوہدری کو بہترین انتظامی خدمات کیلئے فخر پیر پنچال کے اعزاز سے نوازاگیاجبکہ سائنسی ترقی کیلئے سرسید ایکس سی لینس کا ایوارڈ بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی راجوری کے وائس چانسلر پروفیسر جاوید مسرت کو دیاگیا جبکہ صحافت کے میدان میں نمایاں خدمات پر سرسید ایکس سی لینس ایوارڈوید بھسین کو دیاگیا ۔