ڈوڈہ// سیوک ایکشن پروگرام کے تحت ضلع پولیس ڈوڈہ کی جانب سے ایس۔ایس۔پی محمد شبیر کی ہدایت پر ہائر سکینڈری سکول بھاگواہ میں والی بال ٹورنامنٹ کا اہتمام کیا گیا۔اس ٹورنامنٹ میں مختلف علاقوں سے کل چار ٹیموں نے شرکت کی جس میں کاستی گڑھ، گرمل، بھاگواہ اے۔بھاگواہ بی شامل ہیں۔ٹورنامنٹ کا فائنل مقابلہ گرمل اور بھاگواہ کے درمیان کھیلا گیا جس کو گرمل نے سخت مقابلہ کے بعد جیت لیا۔اس ٹورنامنٹ کو دیکھنے کے لئے علاقہ سے مقامی لوگوں کی بھاری تعداد نے شرکت کی۔اس ٹورنامنٹ کاافتتاح ڈپٹی۔ایس۔پی ہیڈ کواٹر ڈوڈہ افتخار احمد نے کیا۔اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے افتخار احمد نے بتایا کہ سیوک ایکشن پروگرام کے تحت اس ٹورنامنٹ کو منعقد کرنے کا مقصد پولیس اور عوام کے درمیان روابط کو مضبوط کرنا اور نوجوانوں کو کھیل کی جانب راغب کرکے اْن کے ٹیلنٹ کو ابھارنا و دیگر تعمیراتی سوچ کو پیدا کرنا ہے۔پروگرام کے دوران دس آرآرکے میجر سندیپ کمار، زونل ایجوکیشن افسر رام سنگھ، انچارج پولیس پوسٹ بھاگواہ محمد رقیب و دیگر علاقہ کی معزز شخصیات نے شرکت کی۔فاتح ٹیم کو انعام اور خطابی ٹرفی سے نوازا گیا۔علاقہ کے عوام نے پولیس کی طرف سے منعقدہ پروگرام کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ پولیس عوامی روابط کو مضبوط کرنے میں رواں دواں ہے اور نوجوانوں کے ٹیلنٹ کو نکھارنے کے لئے درست راہ کو منتخب کیاہے۔دریں اثناء ڈپٹی۔ایس۔پی ہیڈ کواٹر افتخار احمد انچارج پولیس پوسٹ بھاگواہ نے پولیس پبلک میٹنگ کا بھی اہتمام کیا جس دوران سو سے زائد لوگوں نے شرکت کی، جس میں مقامی لوگوں کے علاوہ سابقہ سرپنچ، پنچ بھی موجود تھے ۔میٹنگ کے دوران شرکاء نے علاقہ سے منسلک مسائل کو اجاگر کیا جس میں عوامی طب سنٹر بھاگواہ میں طبی عملہ کی قلّت، پینے کے پانی کی قلّت، بجلی کی کٹوتی شامل ہے۔پولیس افسر کی طرف سے شرکاء کو یقین دلایا گیا کہ اِن تمام مطالبات کو متعلقہ حُکام کے نوٹس میں لایا جائے گا۔اور شرکا میں آپسی بھائی چارہ و زاتحاد و اتفاق کو قائم رکھنے کی تاکید کی گئی۔