بانہال // بدھ کی صبح سے ہی بانہال کے سیکٹر میں مطلع ابر آلودہ تھا اور دوپہر بعد بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا، تاہم جموں سرینگر شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت بغیر کسی خلل کے جاری رہی۔ اس دوران پیر پنچال کی دوری پہاڑیوں پر ہلکی سی برف بھی ہوئی۔ محکمہ موسمیات کی پیشن گوئی کے عین مطابق بدھ کی صبح سے ہی مطلع ابر وآلودہ تھا اور دوپہر بعد تین بجے کے قریب کچھ وقت کیلئے بانہال اور ٹنل کے درمیان بارشوں کی ہلکی سی فوار بھی ہوئی اور اس دوران پہاڑوں پر کچھ وقت کیلئے ہلکی سی برفباری بھی ہوئی۔ موسمی خرابی کے باوجود جموں سرینگر شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت معمولی ٹریفک جام کے ساتھ جاری رہی اور بدھ کے روز وادی کشمیر سے جموں کی طرف ٹریفک کو چلنے کی اجازت تھی اور ٹریفک کو مقررہ اوقات کے اندر اندر قاضی گنڈ اور جواہر ٹنل کو پار کرنا تھا، جو کہ حسب معمول رہا۔موسم اور سڑک کی بہتر حالت کے پیش نظر جمعرات کو جموں سے سرینگر کی طرف ٹریفک کو چلنے کی اجازت ہوگی اور اس دوران وادی سے کسی بھی قسم کے ٹریفک کو جموں جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔