ڈوڈہ// خطہ چناب کے تینوں اضلاع ڈوڈہ، رام بن، کشتواڑ میں سڑک حادثات کو روکنے کے لئے ڈسٹرکٹ بار ایسوسیشن ڈوڈہ کی طرف سے جموں کشمیر عدالت عالیہ میں دائر PILمیں چیف جسٹس بدردُریز احمد اور جسٹس دھیرج سنگھ ٹھاکور نے متعلقہ محکمہ کو حکومت کی طرف سے سڑک حادثات کو روکنے کے لئے کئے جارہے اقدامات پر بیان حلفی عدالت میں جمع کرانے کا حُکم دیا ہے۔ ایسوسی ایشن کی طرف سے ایڈوکیٹ سید عاصم ہاشمی کی طرف سے دلائل سُننے کے بعد عدالت نے بیان حلفی جمع کرنے کا حکم دیتے ہوئے یہ بھی کہا ہے کہ حکومت اور اس کے ادارے عدالت کو یہ تفصیل بھی فراہم کرے کہ گزشتہ دو برسوں میں ان تینوں اضلاع میں کتنے سڑک حادثات ہوئے اور ان میں انسانی جانوں کا کس قدر نقصان ہوا ہے عدالت نے اس بات کا بھی سنجیدہ نوٹس لیا ہے کہ یہ حادثات قومی شاہراہ اور اندرونی رابطہ سڑکوں پر رونما ہوتے ہیں PILمیںDBAڈوڈہ کی طرف سے ایڈوکیٹ سید عاصم ہاشمی نے عدالت کو یہ بھی بتایا ہے کہ اور لوڈنگ ، مسافر گاڑیوں کی ٹیکنیکی طور درست حالت نہ ہونے، ناتجربہ کار لوگوں کی طر ف سے مسافر گاڑیوں کو چلانے اور انتہائی حساس مقامات پر حفاظتی انتظامات نہ ہونے کی وجہ سے یہ حادثات ہوتے ہیں جس پر عدالت نے سنجیدہ نوٹس لیتے ہوئے یہ حُکم دیا ہے۔ مذکورہ مفاد عامہ میں دائر مقدمہ کی کاروائی میں عوامی حلقوں، سماجی کارکنان، رضاکاروں صحافتی و قانونی حلقوں میں گہری دلچسپی پائی جاتی ہے اور ایسے حادثات کا شکار ہونے والے کنبوں و روز مرہ سفر کرنے والے مسافروں نے ضلع بار ایسوسیشن ڈوڈہ کی طرف سے عوامی مفاد میں دائر مقدمہ پر ایسوسیشن اور ایڈوکیٹ سید عاصم ہاشمی کا شکریہ ادا کیا ہے۔