پونچھ+سرنکوٹ// جموں وکشمیر پٹوار ایسوسی ایشن کے بینر تلے پٹواریوں کی کام چھوڑ ہڑتال پونچھ میں تیسرے روز بھی جاری رہی ۔اس دوران دھرنے پر بیٹھے پٹواریوں نے اپنے مطالبات کے حق میں نعرے بازی کی اور ان کو پورا کرنے کی اپیل کی ۔انہوں نے ریاستی سرکار کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے کہاکہ محکمانہ ترقی ان کا حق بنتاہے اور اگر باقی محکمہ جات میں ترقی ملتی ہے تو پھر ان کے ساتھ کیوں ناانصافی کی جارہی ہے ۔انہوںنے کہاکہ ان کا گریڈ بھی بڑھایاجائے اور نئے پٹوار خانے بنائے جائیں۔پٹواریوں کے احتجاج میں جموں و کشمیر نیشنل پینتھرز پارٹی ریاستی سکریٹری زورآور سنگھ شہباز نے بھی شرکت کی اوردھرنے کی حمایت کرتے ہوئے مطالبات پور اکرنے پر زور دیا۔ انہوںنے کہاکہ پٹواریوں کے سبھی مطالبات جائز ہیں اوران کو پورا کیاجائے ۔انہوںنے کہاکہ پٹواریوں کی ہڑتال سے لوگوں کو پریشانیوں کا سامناہے ا س لئے حکومت ان کے مطالبات پور اکرکے ہڑتال ختم کروائے ۔اس موقعہ پر سُرجیت سنگھ کو چھڑ، رشید مکری ،محمد رزاق، محمد حمید، لیاقت حسین، محبوب نواز اور قاضی سجاد بھی موجودتھے ۔پٹوار ایسو سی ایشن کی طرف سے صدر بشارت نقوی، ضلع نائب صدر محمد ظفر ،جنرل سکریٹری سلمان میر ،سکریٹری محمد نواز، شہناز اختر ،بشپ کرمال ،اندرجیت سنگھ ،محمد سلیم بھی ہڑتال میں شامل تھے ۔وہیں سرنکوٹ میں بھی پٹواریوں نے ہڑتال کی جس کی وجہ سے عام لوگوں کے کام کاج بری طرح سے متاثر ہوئے ۔انہوںنے مانگ کی کہ ان کے تنخواہ گریڈ میں اضافہ کیاجائے اور براہ راست نائب تحصیلداروں کی بھرتی پرروک لگائی جائے ۔ان کاکہناتھاکہ اگر ان کے مطالبات پورے نہ ہوئے تو وہ بھوک ہڑتال کریںگے ۔