دلباغ سنگھ نے پونچھ جیل کا معائنہ کیا
پونچھ //ڈائریکٹر جنرل جیل جموں و کشمیر دلباغ سنگھ نے سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے پونچھ جیل کا جائزہ لیا ۔ اس دوران انہوںنے وہاں مجموعی طور پر کام کاج کا جائزہ لیا ۔وہ بعد سہ پہر پونچھ پہنچے اور حکام سے ملاقات کرکے جیل میں سیکورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ۔انہوںنے اس دوران مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا اور حکام کو ہدایت دی کہ وہ بہتر سے بہتر سیکورٹی کو یقینی بنائیں ۔انہوںنے تعمیراتی کاموں کے بارے میں بھی جانکاری حاصل کی ۔ اس موقعہ پر ایس ایس پی پونچھ راجیو پانڈے ، ایڈیشنل ایس پی انوار الحق اور دیگر پولیس افسران بھی موجو دتھے ۔
آصفہ کے قاتلوں کوسزائے موت دینے کا مطالبہ
منیرخان
راجوری// راجوری کی مرکزی جامع مسجد میں ضلع صدر انجمن اہل سنت والجماعت مولانا فاروق نعیمی نے جمعہ کے خطاب میں کٹھوعہ سانحہ کی متاثرہ آصفہ کے قاتلوں کوسزائے موت دینے کامطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ اب تک پوری قوم ایک معصوم کوانصاف دلانے کے لئے جدوجہد کررہی ہے تاہم انصاف کے ادارے امیدوں پر پورا اترنے میں ناکام ہوئے ہیں۔ان کاکہناتھاکہ کچھ عناصر ترنگے کی آڑمیں قاتلوں کوبچانے کی حمایت میں جلسے جلوس نکال رہے ہیں جو ایک جمہوری ملک کیلئے زہرقاتل ثابت ہوسکتاہے ۔ انہوں نے کہاکہ ایک معصوم بچی کے ساتھ زیادتی اورقتل کی واردات پیش آتی ہے جس کے قاتلوں کوسزائے موت دے کر انصاف کے تقاضوں کو پورا کیاجائے ۔انہوںنے کہاکہ قاتل کی حمایت میں ریلی نکال کرکچھ عناصر نے انسانیت کو شرمسار کیاہے اور شرپسندانہ عزائم رکھنے والے ایسے عناصر کے خلاف بھی کارروائی کی جانی چاہئے تاکہ نہ ہی کوئی شخص ایسی گھنائونی حرکت کرے اور نہ ہی کوئی اس کی حمایت کا سوچے ۔
سوسائٹی فار ڈیولپمنٹ و ٹریننگ کے زیر اہتمام پروگرام
حسین محتشم
پونچھ//غیر سرکاری تنظیم سوسائٹی فار ڈیولپمنٹ اینڈ ٹریننگ نے پنچایت گھرکھنیتر اور پنچایت گھر بھینچ میںپروگرام منعقد کرکے پانی کے سلسلے میں برتے جارہے احتیاطی اقدامات کے بارے میں جانکاری فراہم کی ۔ یہ پروگرام تنظیم کے ضلع کوآرڈی نیٹر امتیاز احمد کی قیادت میں منعقد ہوئے ۔ امتیاز احمد نے بتایا کہ وہ ریاستی سرکار کی جانب سے چلائی جاری اسکیم CCDU/WSSOکے تحت ایک پروجیکٹ پر کام کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس اسکیم کے تحت وہ ہر پنچایت میں جا کر وہاں کے پانی کا جائزہ لیں گے اور اگر اس میں کوئی عیب ہوا تو اس کے سلسلہ میں حفاظتی اقدامات سے لوگوں کو روشناس کرایاجائے گا۔اس موقعہ پرگرویندر پال سنگھ، عرفان بٹ، جسبیر سنگھ اور دلشاد پرنس بھی موجو دتھے ۔
سپورٹس آفیسر کے اعزاز میں تقریب
پرویز خان
منجاکوٹ//منجاکوٹ میں ضلع پونچھ کے سپورٹس آفیسر کے اعزاز میں ایک پارٹی کا اہتمام کیا گیا۔ایاز خان محکمہ سپورٹس میں بطور ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر راجوری بھی رہے اور اس کے بعد پونچھ میں اپنی ڈیوٹی انجام دے رہے ہیں ۔موصوف اٹھائیس فروری کو چالیس سالہ خدمات کے بعد سبکدوش ہورہے ہیں اور ان کی سبکدوشی کے سلسلے میں ہی پارٹی کا اہتمام کیاگیا ۔اس موقعہ پر ریٹائرڈ زیڈ ای پی او راکیش شرما ،زیڈ ای پی او سپورٹس رزاق خان ، رشید خان اور محمد شبیر خان وغیرہ بھی موجو دتھے ۔
تھنہ منڈی کالج کے طلباء کا یک روزہ معلوماتی دورہ
طارق شال
تھنہ منڈی // گورنمنٹ ڈگری کالج تھنہ منڈی کے طلباء نے ایک روزہ زالو جیکل دورہ کیا ۔طلباء کو کالج پرنسپل ڈاکٹر شکیل احمد رینہ نے ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ صدر شعبہ پروفیسر سلیم ایاز راتھر کی سربراہی میں طلباء کو شعبہ کھیتی باڑی و مچھلی پالن کے بارے میں جانکاری دی گئی ۔اس دوران انہیں شیر کشمیر یونیورسٹی آف ایگریکلچر سائنس و ٹیکنالوجی کی راجوری میں موجود برانچ کرشی وگیان کیندر لے جا یا گیاجہاں محکمہ کھیتی باڑی کے سائنس دانوں نے طلباکو جدید آلات و سہولیات اور ٹیکنالوجی کے بارے میں مفصل لیکچر دیئے اور ان کی طرف سے پوچھے گئے سوالات کے جوابات بھی دیئے۔ سائنسدان ڈاکٹر اروند اشیر نے شہد کی مکھیوں اور انکے رکھ رکھائو کے بارے میں بتایا جبکہ ڈاکٹر وکاس گپتا نے ورمی کمپوزٹ اور اسکے فوائد کے بارے میںجانکاری فراہم کی ۔ فارم کے انچارج اجے شرما نے طلباکو مچھلی پالن کی اہمیت سے روشناس کرا یا اور ساتھ ہی روز کے مواقعوں پر بھی روشنی ڈالی ۔ سلیم ایاز راتھر نے کرشی وگیان کیندر و فش فارم مراد پور کے عملہ کا شکریہ ادا کیا۔اس دوران پروفیسر اقبال گل بھی طلباء کے ہمراہ تھے ۔
اصغر کربلائی کی بیٹی کی وفات پر تعزیت پرسی
پونچھ//شیعہ فیڈریشن پونچھ کا ایک تعزیتی اجلاس مسجد اہل بیت ؑمحلہ مصطفیٰ نگر پونچھ میں منعقد کیا گیاجس کی صدارت نائب صوبائی صدر محمد بشیر میر نے کی ۔اجلاس میں صدرانجمن گلشن حسینی پلیرہ اصغر علی میر،صدرانجمن خدام الحسین حیات پور منگناڑ فیاض علی آرزو حیاتپوری کے علاوہ انتظامیہ کمیٹی مسجد اہل بیتؑ کے کارکنان اور دیگر لوگوںنے شرکت کی ۔اس موقعہ پر طبقہ کے سیاسی رہنماوممبر قانون ساز اسمبلی کرگل اصغر علی کربلائی کی دخترکے انتقال گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے تعزیت پرسی کی گئی ۔محمد بشیر میر نے مرحومہ کی وفات پر گہرے صدمے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرحومہ ایک ایسے خاندان سے تعلق رکھتی تھی جنہوں نے اپنی پوری زندگی عزاداران امام مظلوم کربلا ؑکی خدمت میں بسر کی۔انہوں نے کہا کہ ایک محب اہل بیتؑ کیلئے اس سے بڑی اور کون سی سعادت اور کونسا اعزاز ہے کہ وہ اپنی پوری حیات غم سید الشہداؑ میں گزارے۔ شیعہ فیڈریشن کے ضلع صدر ذکی حیدر نے بھی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اصغر علی کربلائی کی خدمت میں تعزیت و تسلیت پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں ایک والد کے لئے نوجوان بیٹی کی حادثاتی موت اور جدائی ناقابل تلافی نقصان ہے لیکن اللہ کی مرضی کے آگے بشر بے بس ہے۔ اجلاس کے دوران مرحو مہ کے ایصال ثواب کیلئے خصوصی فاتحہ خوانی کی گئی۔اس موقعہ پر ڈاکٹر محمد رفیق میر، ماسٹر نثار حسین میر، عاشق حسین میر، سید محمد صالح رضوی، ماسٹر اطہر حسین بٹ، عنایت حسین بابا،کفایت حسین صوفی، شبیر حسین ڈار، غلام مہدی ونتو،جاوید علی قلی،ماسٹر انور حسین ونتو، بابو امتیاز حسین میر،عارف حسین میر، غلام محمد میر، فوجی غلام محمد میر، ذوالفقار علی میر، پرویز مہدی میر،جاوید علی میر، محمد انیس میر، لیاقت علی میر،ماسٹر گلشن حسین میر، رضوان حسین بٹ، محمد جعفر بٹ وغیرہ بھی موجو دتھے ۔دریں اثناء پونچھ کی تمام مقامی انجمنوں کے صدور وعہدیداران نے بھی دکھ کا اظہار کیاہے ۔ خاص طور پر مولانا ظہیر عباس ، مولانا کوثر جعفری ، مولانا عابد حسین جعفری نے کربلائی کے ساتھ ہمدردی ظاہر کی ہے ۔
کالج طالبہ کی وفات پر تعزیتی اجلاس
پونچھ//گورنمنٹ ڈگری کالج پونچھ میںزیر تعلیم چوتھے سمسٹر کی طالبہ من پریت کور دختر کلبیرسنگھ کی اچانک موت پر کالج انتظامیہ اور طلباکی جانب سے ایک تعزیتی اجلاس منعقد کیا گیا ۔اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے کالج کے پرنسپل سید مسرف حسین شاہ نے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار کنبہ کے ساتھ اظہار ہمدردی کیا۔انہوں نے کہا کہ مرحومہ نیات قابل طالبہ تھی جس کی بے وقت موت نہایت ہی افسوسناک ہے۔اس دوران تمام کالج کے عملہ اور طلباکی جانب سے طالبہ کے لئے 2منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی۔
راجوری میں بھیرو جھانکی نکالی گئی
سمت بھارگو
راجوری //راجوری میں ہولی کے تہوار کے سلسلے میں ہفتہ بھر کے جشن کے تحت بھیرو جھانکی نکالی گئی ۔ اس دوران جواہر نگر علاقہ میں سیکورٹی کے کڑے انتظامات کئے گئے تھے ۔یہ جھانکی ہولی کے تہوار کے سات آٹھ روز پہلے ہر سال نکالی جاتی ہے جس میں کالے رنگ والا ایک شخص قصبہ میں چکر لگاتاہے جس کے ہمراہ لوگ ڈھول باجے بجاتے رہتے ہیں۔یہ جھانکی جواہر نگر کے شیو مندر سے نکالی گئی جو لوہر جواہر نگر سے ہوکر شیو مندر میں ہی اختتام پذیر ہوئی ۔اس دوران ڈی ایس پی جسونت سنگھ ، ڈی ایس پی سکھدیو سنگھ ، ایس ایچ او طاہر خان ، ایگزیکٹو مجسٹریٹ و دیگرافسران بھی جھانکی کے ہمراہ تھے ۔