دلباغ سنگھ نے راجوری جیل کا معائنہ کیا
راجوری //ڈائریکٹر جنرل جیل خانہ جات دلباغ سنگھ نے گزشتہ روز پونچھ جیل کا معائنہ کرنے کے بعد سنیچر کو راجوری جیل کا بھی معائنہ کیا ۔اس دوران انہوںنے سیکورٹی و دیگر انتظامات کا جائزہ لیا ۔ وہ راجوری میں ڈھانگری کے مقام گئے جہاں ضلع جیل واقع ہے ۔ان کے ہمراہ پولیس کے ضلع افسران بھی تھے ۔ اس دوران انہوںنے سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیا اور مقامی حکام سے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا ۔ انہوںنے ہدایت دی کہ جیل کے ا ردگرد سیکورٹی کے بہتر سے بہتر انتظامات کئے جائیں ۔سنگھ نے ڈھانگری میں تعمیری کاموں کا جائزہ بھی لیا ۔بعد میں وہ جموں کیلئے روانہ ہوگئے ۔
سنئی کو آر بی اے کا درجہ دینے کی مانگ
بختیار حسین
سرنکوٹ //سرنکوٹ سے چار کلو میٹر دوری پر واقع سنئی گائوں سہولیات سے محروم ہے ۔ آج تک یہاں کے لوگوں کو بنیادی سہولیات فراہم نہیں کی گئیں اور جہاں بجلی و پانی کی سپلائی کا رونارویاجارہاہے وہیں پورے گائوں کو سڑک روابط سے بھی نہیں جوڑاجاسکا ۔ یہ ایک پسماندہ گائوں ہے جس کے ساتھ سیاستدانوں نے انصاف نہیں کیا۔ مقامی لوگوں کو آج بھی کئی میل پیدل مسافت طے کرناپڑتی ہے ۔سرنکوٹ کے کئی دیگر گائوں کو آر بی اے کادرجہ دیاگیاہے لیکن سنئی کو اس سے بھی محروم رکھاگیاہے ۔ مقامی لوگوں کاکہناہے کہ وہ کسی گائوں کے خلاف نہیں لیکن سنئی کے چاروں اطراف پڑنے والے گائوں آر بی اے زمرے میں ہیں اور ان کا ہی گائوں اس سے محروم ہے جبکہ یہ سب سے پسماندہ علاقہ ہے ۔ان کاکہناہے کہ اس سلسلے میں فائل تیار کرکے حکام کو پیش بھی کی گئی لیکن اس کو ردی کی ٹوکری میں ڈال دیاگیا اور ابھی تک کوئی کارروائی نہیں ہوئی ۔ انہوںنے کہاکہ گائوںکو آر بی اے کے زمرے میں لایاجائے اور بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں ۔ انہوںنے سنئی میں بنک کی شاخ کھولنے اور دیگر سہولیات کا مطالبہ کیاہے ۔
مڈل اسکول درہ کی تعمیر کا جائزہ لیاگیا
طارق شال
تھنہ منڈی// تھنہ منڈی کے دور دراز علاقہ درہ میں زیر تعمیر عمارت کا جائزہ لینے کیلئے محکمہ دیہی ترقی کی ایک ٹیم نے علاقے کادورہ کیا ۔پرانی عمارت کی بوسیدہ حالت کو دیکھتے ہوئے ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری نے دو کمروں کی تعمیر کے لئے 9 لاکھ روپے واگزار کئے تھے جسکے بعد محکمہ دیہی ترقی و پنچایتی راج نے تعمیر کا کام شروع کیااور بیشتر کام مکمل بھی کردیاگیا۔اس دوران کچھ لوگوں کی یہ شکایت کی گئی کہ کام معیاری نہیں ہورہا جس پر سنیچر کے روز ٹیکنیکل اسسٹنٹ محمد ریاض کی سر براہی میں محکمہ کی ایک ٹیم نے موقعہ کاجائزہ لیا اور کام کو اطمینان بخش قرار دیا ۔
مینڈھر میں کلسٹر یونیورسٹی کیمپس کھولنے کی مانگ
نیوز ڈیسک
مینڈھر//لیبر یونین کے صدر عبد المجید چوہدری نے کالج طلبا کے مطالبے کی حمایت کرتے ہوئے سرکار سے اپیل کی ہے کہ فوری طور مینڈھر میں کلسٹر یونیورسٹی کیمپس قائم کیا جائے اور ایک زنانہ کالج بھی مینڈھر میں کھولا جائے تاکہ مقامی طلبا کو اعلیٰ تعلیم کے حصول میں مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔اپنے ایک پریس بیان میں انہوںنے کہاکہ مینڈھر کے زیادہ تر طالب علم غریب خاندان سے تعلق رکھتے ہیں اور باہر کی یونیورسٹیوں میں جا کر اپنی تعلیم حاصل نہیں کر سکتے اس لئے ان کو مقامی سطح پر ہی تعلیم کی سہولیات ہونی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ مینڈھر میں کلسٹر یونیورسٹی کے لئے بہت سی جگہیں موجود ہیں جہاں پر سرکار آسانی سے یونیورسٹی کھول سکتی ہے اور غریب طلباکیلئے تعلیم جاری رکھنا آسان ہوجائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ مینڈھر علاقہ دور دراز تک پھیلا ہوا ہے جہاں سے لوگوں کے بچوں کو باہر جا کر تعلیم حاصل کرنا مشکل ہو جاتا ہے ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ یونیورسٹی کیمپس کے ساتھ ساتھ مینڈھر میں سرکار کوزنانہ کالج بھی کھولنا چاہیے کیونکہ لڑکیوں کی تعداد بہت زیادہ تعلیم حاصل کرنے کی متمنی ہوتی ہے ۔
منڈی ۔پھاگلہ سڑک 44 سال سے تشنہ تکمیل
مقامی لوگوںکا رقومات کے تصرف کی تحقیقات کا مطالبہ
پونچھ// منڈی پھاگلہ سی آر ایف سڑک کی تعمیر 1972 میں شروع ہوئی تھی جو 44 سال کا طویل عرصہ گزرنے کے باوجود بھی نامکمل ہے ۔اس سڑک کی کل لمبائی 52کلو میٹر ہے جس پر ذرائع کے مطابق دس سال قبل سی آر ایف کے تحت 42 کروڑ روپے واگزار کئے گئے اوراس رقم کو بھی خرچ کردیاگیاہے لیکن سڑک مکمل نہیں ہورہی ۔مقامی لوگوں کاکہناہے کہ اس سڑک کی تعمیر کو نصف صدی ہونے جارہی ہے اور اس پر اب تک کروڑوں روپے خرچ کئے جاچکے ہیں لیکن اسے مکمل نہیں کیاجارہا۔ انہوںنے کہاکہ یہ سڑک سونے کی کان بنی ہوئی ہے اور اس سے مقامی لوگوں کا کوئی بھلا نہیں البتہ ٹھیکیداروںنے خوب پیسے جمع کئے ہیں ۔پھاگلہ کے لوگوں کاکہناہے کہ سڑک کی تعمیر کی حالت دیکھ کر یہ اندازہ ہوتاہے کہ حکومتی سطح پر اس علاقے کے ساتھ کس طرح سے ناانصافی کی جاتی ہے اور یہاں کے لوگ سیاسی جماعتوں کیلئے کوئی معنی نہیں رکھتے ۔انہوںنے کہاکہ عوام کے ووٹ سے منتخب ہوکر اسمبلی پہنچنے والے لیڈران بھی خاموش بیٹھ جاتے ہیں اور وہ بھی اس سڑک کی تعمیر کے تئیں سنجیدہ نہیں ۔ان کاکہناہے کہ اسی سڑک پرسہڑی خواجہ میں پیر عطر شاہ کی زیارت ہے جہاںبڑی تعداد میں عقیدتمند آتے ہیں جن کو بھی مشکلات کاسامنا کرناپڑتاہے ۔ فتح پور، کہنو، سہڑی خواجہ، ڈنہ دھکڑاں اور دھڑہ کے کئی لوگوں نے بھی اپیل کی ہے کہ سڑک کی تکمیل کرکے اسے آمدورفت کے قابل بنایاجائے ۔ انہوںنے کہاکہ اس پر خرچ ہوئی آج تک رقم کی تحقیقات کروائی جائے کیونکہ یہ ایسا پروجیکٹ ہے جو دہائیوں سے نامکمل ہے ۔
پاسپورٹ مراکز کا قیام
پی ڈی پی لیڈر کا حکومت پر خطہ پیر پنچال کو نظراندازکرنیکا الزام
پونچھ// ریاستی حکومت کی جانب سے ریاست کے مختلف اضلاع میں پاسپورٹ کے نئے مراکز قائم کئے گئے ہیں تاہم اس بار پھر سے راجوری پونچھ اضلاع کو نظرانداز کردیاگیاہے جبکہ یہ خطہ سب سے دور د راز اور پسماندہ ہے ۔خطے میں کوئی پاسپورٹ مرکز قائم نہ کرنے پر لوگوںمیں حکومت کے تئیں سخت غم وغصہ پایاجارہاہے ۔ پی ڈی پی لیڈر مولانا حکیم الدین نے اس سلسلے میں کہا کہ خطہ پیر پنچال کو نظر انداز کئے جانے کی روایت موجودہ مخلوط حکومت نے بھی برقرار رکھی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے قائم کئے گئے نئے پاسپورٹ مراکز پر انہیں کوئی اعتراض نہیں لیکن افسوس اس بات کا ہے کہ پونچھ کے لوگ جنھیں ڈھائی سوکلو میٹر سفر کرکے جموں پہنچناپڑتاہے ، کا خیال نہیں رکھاگیا اوراس سے بھی نزدیکی علاقوں میں یہ مراکز قائم کئے گئے ہیں۔ان کاکہناہے کہ نئے مراکز ایسے علاقوں میں قائم ہوئے ہیں جو جموں یا سرینگر سے اسی کلو میٹر سے کم دوری پر واقع ہیں جبکہ پونچھ ڈھائی سو کلو میٹر ہے جس کو اس زمرے میں نہیں لایاگیا ۔ انہوںنے وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی سے اپیل کی کہ وہ ذاتی مداخلت کرکے خطہ پیر پنچال میں پاسپورٹ دفتر قائم کرانے میں رول ادا کریں تاکہ خطے کے لوگوںکو ایک پاسپورٹ فارم جمع کرانے کیلئے کئی کئی چکر نہ لگانے پڑیں ۔پی ڈی پی لیڈر کاکہناہے کہ مرحوم مفتی محمد سعید نے اپنے آخری دورئہ پونچھ کے دوران عوام سے وعدہ کیاتھا کہ وہ پونچھ کو ریاست کا صدر دروازہ بنائیں گے اور اب وقت آگیاہے کہ وزیر اعلیٰ کئے گئے وعدوں کو ایفا کریں ۔
لاپتہ شخص بازیاب
راجوری //پولیس نے ایک لاپتہ شخص کو بازیاب کرکے اس کے خاندان سے ملادیاہے ۔ محمد خالق ولد محمد اقبال ساکن ڈنڈیسر نوشہرہ حال ہی میں لاپتہ ہوگیاتھا جس بارے میں پولیس تھانہ میں گمشدگی کی رپورٹ درج ہونے کے بعد اس کی تلاش شروع کی گئی ۔اس دوران پولیس چوکی لمیڑی کے سب انسپکٹر وکرم جسروٹیہ کی قیادت میں ایک ٹیم نے اس شخص کو پونچھ سے بازیاب کرالیا اور قانونی لوازمات پورا کرنے کے بعد اس کو گھر والوں کے حوالے کردیاگیا۔ یہ کارروائی ایس ایچ او نوشہرہ کرن چلہوترہ کی قیادت میں انجام دی گئی ۔
ریاست میں شراب بندی کا مطالبہ
پونچھ// ریاست میں شراب پر مکمل طور پر پابندی لگانے کا مطالبہ کرتے ہوئے سنی یوتھ ونگ کے ریاستی صدر اعجاز احمد مدنی نے کہا کہ دورِ حاضر کا عظیم ترین المیہ منشیات کی لت ہے جس نے زندگی کو مفلوج کر دیا ہے۔اپنے ایک پریس بیان میں انہوں نے کہا کہ نشہ کرنے والے اپنی جان کے دشمن اوراپنے رب کے ایسے ناشکر ے بندے ہیںجو اس کی عطا کردہ زندگی کی قدر کرنے کے بجائے اُسے برباد کرنے پر تلے رہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ منشیات فروش ملک و ملت کے وہ دشمن ہیں جو نوجوان نسلوں کو تباہ کر کے ملت کی بنیادیں کھوکھلی کر رہے ہیں۔مدنی نے کہا کہ بلاشبہ معاشرے میں منشیات نے اغیار کی سازشوں سے راہ پائی ہے اور ان دشمنوں کا مدعا صرف یہ ہے کہ مسلمانوں کو جسمانی اور ذہنی طور پر اس قدر کھوکھلا کر دیا جائے کہ وہ دنیا میں اپنا متحرک کردار ادا کرنے کے قابل نہ رہیں۔ انہوںنے کہا کہ اس سے پہلے بھی انہوں نے ریاستی وزیراعلیٰ کو شراب بندی کے حوالے سے ایک مکتوب ارسال کیا مگر اب تک اس مانگ پر کوئی کارروائی نہیں ہوئی جس پر انہیں بے حد افسوس ہے۔ان کہناتھاکہ شراب بندی پر ان کی مہم جاری رہے گی جب تک کہ اس پر پابندی عائد نہ کردی جائے ۔انہوںنے کہاکہ حکومت منشیات کے خلاف اقدامات کرنے کے دعوے تو کرتی ہے لیکن وہ اس پر پابندی کیلئے سنجیدہ نہیں اور یہی وجہ ہے کہ آج تک شراب بندی نہیں ہوئی۔انہوں نے کہا کہ سگریٹ،شراب ،افیون ،ہیروئن اور نشہ ادوایات کی مخالفت تو سب کرتے ہیں مگر ان لعنتوں کا سد باب کرنے کیلئے مخلص کوئی بھی نہیں،حد یہ ہے کہ سگریٹ قانونی ناجائیز ہے اور جابجا دھٹرلے سے فروخت کی جارہی ہے اور اخلاق و قانون کا مذاق اڑایا جا رہا ہے ۔انہوںنے کہاکہ شراب بندی پر سب کو تحریک چلانی چاہئے۔
کلاس روم میں نیند
ٹیچر کی ویڈیو وائرل
سمت بھارگو
راجوری //راجوری کے کالاکوٹ علاقے کے ایک سرکاری سکول میں ٹیچر کی کلاس روم میں سوتے ہوئے ویڈیو سماجی روابط کی ویب سائٹوں پر وائرل ہوگئی ہے جس پر محکمہ تعلیم نے سکول انتظامیہ اور مذکورہ ٹیچر کے خلاف کارروائی شروع کردی ہے ۔ ذرائع کے مطابق ویڈیو میں دیکھاجاسکتاہے کہ ایک ٹیچر کلاس روم میں نیند کررہاہے ۔یہ ویڈیو گزشتہ روز سے سماجی روابط کی ویب سائٹوں پر چھائی ہوئی ہے جس میں دیکھاجاسکتاہے کہ ٹیچر کرسی پر بیٹھے سورہاہے ۔ذرائع کاکہناہے کہ تحقیقات سے معلوم ہے کہ یہ ٹیچر تعلیمی زون کالاکوٹ کے گورنمنٹ مڈل سکول بھروٹہ کا ہے ۔اس معاملے کا سنجیدہ نوٹس لیتے ہوئے زونل ایجوکیشن افسر کالاکوٹ نے سکول کے ہیڈ ماسٹر اور مذکورہ ٹیچر کے خلاف اظہار وجوہ کا نوٹس جاری کیاہے ۔زیڈ ای او نے کہاہے کہ د ودنوں میں جواب دیاجائے نہیں تو ضابطے کے تحت کارروائی کی جائے گی ۔