سرنکوٹ//نیشنل کانفرنس کے سینئر نائب صدر و سابق وزیر سید مشتاق احمد شاہ بخاری نے خود مختاری کو ریاستی عوام کا بنیادی حق قرار دیتے ہوئے کہاکہ موجودہ حکومت کادور تمام تر ناکامیوںسے عبارت ہے لیکن اس کے باوجود وہ کرسی سے چمٹی ہوئی ہے ۔ ڈاک بنگلہ سرنکوٹ میں پارٹی کارکنان کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بخاری نے کہاکہ آئندہ الیکشن میں نیشنل کانفرنس اکثریت سے فتح حاصل کرکے اپنے بل بوتے پر حکومت تشکیل دے گی ۔ اس موقعہ پر نیشنل کانفرنس سٹوڈنٹس یونین کی تشکیل بھی عمل میں لائی گئی ۔ بخاری نے کہاکہ ریاست اور خاص کر سرنکوٹ کے لوگ گوناں گوں مسائل سے دوچار ہیں اور حکومت خواب غفلت میں ہے ۔ انہوںنے کہاکہ یہاں لوگوں کو وارڈ بندی میں تقسیم کرنے کی سیاست شروع کی گئی ہے ۔ان کاکہناتھاکہ پارٹی کو بنیادی سطح پر مضبوط بنایاجائے تاکہ آئندہ انتخابات میں کامیابی حاصل کی جاسکے ۔انہوںنے کارکنان پر زور دیاکہ وہ اپنی صفوں میں اتحاد قائم کریں اور پارٹی کے پیغام اور منشور کو گھر گھر پہنچائیں ۔بخاری نے کہاکہ نیشنل کانفرنس آئندہ انتخابات میں کسی سے بھی اتحاد نہیں کرے گی اور اپنے بل بوتے پر حکومت تشکیل دی جائے گی ۔ انہوںنے کہاکہ خود مختاری ریاست کے عوام کا بنیادی حق ہے جس سے کوئی روک نہیں سکتا ۔انہوںنے موجودہ حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ اس کا دور ناکامیوں سے عبارت ہے ۔ بخاری نے کہاکہ اس دور میں معصوم بچیاں بھی محفوظ نہیں اور جگہ جگہ انکائونٹروں میں لوگ مررہے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ حکومت کرسی کی لالچ میں سب کچھ بھول چکی ہے اور اسے عوام کے جان و مال کے تحفظ سے کوئی غرض نہیں ۔انہوںنے کہاکہ وہ یہاں اجاگر ہوئے مسائل کو حکام کے نوٹس میں لائیںگے ۔ اس دو ران نیشنل کانفرنس سٹوڈنٹس یونین کی تشکیل عمل میں لائی گئی اور غلام مجتبیٰ خان کو اس کا تحصیل صدر سرنکوٹ بنایاگیا ۔ اس کے علاوہ اسرار احمد خان اور راشد افتخار یاسین کو نائب صدور ، شعیب ملک اور زاہد پذیر کو جوائنٹ سیکریٹری ، خالد محمود کو سیکریٹری ، مہتاب خان کو خزانچی اور عبدالواصح کو آرگنائزر بنایاگیا ۔