جموں//جموں و کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی نے کانگریس لیڈر اور ضلع کانگریس کمیٹی جموں اربن کے صدر انیل چوپڑا کی وفات پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔چوپڑا گذشتہ صبح لدھیانہ میں قلیل علالت کے بعد وفات پا گئے۔راجیہ سبھا میں قائد حزب اختلاف اور کانگریس کے قومی جنرل سیکرٹری غلام نبی آزاد نے ضلع صدر اربن انل چوپڑہ کی وفات پر گہرے رنج و الم کا اظہار کرتے ہوئے ان کی موت کو پارٹی کے لئے ناقابل تلافی نقصان قرار دیا ہے ۔ اپنے تعزیتی پیغام میں آنجہانی لیڈر کی خدمات کو خراج پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ چوپڑہ کے انتقال سے کانگریس ایک محنتی اور بے لوث پارٹی لیڈر و سماجی کارکن سے محروم ہو گئی ہے ۔ پسماندگان کے ساتھ ہمدردی ظاہر کرتے ہوئے انہوں نے غمزدگان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے ۔دریں اثناسابق مرکزی وزیر پروفیسر سیف الدین سوز اور پیر زادہ محمد سعید نے بھی انل چوپڑہ کی وفات پر غم کا اظہار کرتے ہوئے پسماندگان کے تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔ انہوں نے آنجہانی لیڈر کی روح کی شانتی کیلئے بھی دعا کی ہے ۔ علاوہ ازیںاس سلسلے میں پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر دفتر شہیدی چوک جموں میں ایک تعزیتی میٹنگ منعقد ہوئی جس میں انیل چوپڑا کی وفات پر تعزیت کا اظہار کیا گیا۔میٹنگ میں جے کے پی سی سی کے صدر غلام احمد میراور پارٹی کے دیگر سینئر لیڈراور کارکن بھی موجود تھے۔چوپڑا کو کانگریس میں ایک اہم مقام حاصل تھا اور انہوں نے پارٹی کو ہر سطح پر مضبوظ بنانے کے لئے جو خدمات انجام دی ہیں انہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔مقرریں نے چوپڑا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ آنجہانی عوام کی فلاح و بہبود اور انہیں درپیش مسائل کو حل کرنے کے لئے ہروقت کام کرتے رہتے تھے۔غلام احمد میر نے چوپڑا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی ایک اہم لیڈر کھو دیا ہے اور ان کی وفات سے کانگریس کو زبردست نقصان ہوا ہے۔پارٹی کو مستحکم بنانے کے لئے انہوں نے چوپڑا کے رول کو یاد کیا اور اس موقعہ پر ایک تعزیتی قرار داد پاس کی گئی اور دو منٹ کی خاموشی اختیار کرکے آنجہانی کی آتما کی شانتی کے لئے پرارتھنا کی گئی۔