بانہال //نیشل کانفرنس ضلع صدررام بن سجاد شاہین نے بانہال اسمبلی حلقہ میں سڑکوں کی خستہ حالی پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔ پوگل پرستان کے پارٹی ورکروں سے اکھڑال میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کی نا اہلی کی وجہ سے لوگوں کی پریشانیوں میں کافی اضافہ ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ سرکار ترقیاتی کاموں کو پیچھے چھوڑ رہی ہے اور ضروری خدمات کی دیکھ ریکھ کو فرامو ش کرنے سے دور دراز علاقوں میں پریشانیاں بڑھ گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ عوام کے مسائل حل کرنے کے بجائے فرقہ پرستی کی سیاست کر رہے ہیں،جو کہ ریاست کے لئے خطر ناک نہج ہے اور لوگوں سے ایسے عناصر سے خبر دار رہنے کی تلقین کی۔ اس موقعہ پر کئی نوجوانوں نے نیشنل کانفرنس میں شامل ہونے کا اعلان کیا جن میں عطا محمد نائیک ، محمد یونس، عبدالصادق، عبدالغنی، انیل سنگھ، جاوید احمد، سوہن سنگھ، محمد حنیف، کرپال سنگھ،وغیرہ شامل تھے۔نئے کارکنوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے شاہین نے کہا کہ ان کارکنوں کے نیشنل کانفرنس میں شامل ہونے سے پارٹی مزید مستحکم ہو گی۔میٹنگ میں ضلع نائب صدر میر واعظ عطا محمد کٹوچ، بلاک صدور ریاض احمد میر، غلام رسول ڈینگ، بلاک نائب صدر بہار احمد نائیک و دیگران شامل تھے۔