بھدرواہ //انجمنء اسلامیہ بھدرواہ کی جانب سے شام ،برما اور کشمیر کے مسلمانوں، جو کہ سرکاری سپانسرڈ دہشت گردی کا نشانہ بن گئے ہیں، کے ساتھ یکجہتی کا اظہا رکرنے کے لئے ایک زور دار احتجاجی مظاہرہ کیا۔نماز جمعہ کے بعد لوگوں کی ایک بڑی تعداد مرکزی جامع مسجد بھدرواہ میں اکٹھا ہوئے اور ہاتھوں میں تختیاںلیکر مخلوط سرکار کا آر ایس ایس کے سامنے پوری طرح سے مبینہ سرنڈرکرنے کے خلاف نعرے بلند کر رہے تھے۔ احتجاج کی کال انجمن اسلامیہ نے حال ہی میں ہوئی شوپیاں ہلاکتوں کے خلاف دی تھی۔مظاہرین نے مخلوط سرکار پر آر ایس ایس کے ایما پر ریاست میں فرقہ وارانہ ہلاکتوں کی مذموم کوششوں کی مذمت کی۔ انہوں نے بی جے پی کے دو کابینہ وزراء کی جانب سے آصفہ کی عصمت ریزی اور قتل کیس میں مبینہ ملزمان کی کھلے طور سے حمایت کرنے کو بد قسمتی سے تعبیر کیا ہے۔انجمنء اسلامیہ بھدرواہ کے صدر پرویز احمد شیخ نے آصفہ کے لئے انصاف کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسا لگ رہا ہے کہ محبوبہ مفتی نے اقتدار کے ہوس کی وجہ سے آر ایس ایس کے سامنے سرنڈر کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے دنیا بھر میں مسلمانوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے اور ضرورت اس بات کی ہے کہ ہمیں مسلمان دشمن طاقتوں کے خلاف اکٹھا ہونا چاہیے،جو کہ شام ،برما اور کشمیر میں مسلمانوں کا قتل عام کر رہے ہیں۔ مظاہرین نے مزیدمطالبہ کیا کہ جو فوجی اہلکار شوپیاں میں بے گناہوں کی ہلاکتوں میں ملوث ہے، اُسے کیفر و کردار تک پہنچایا جائے۔انجمن نے انجلی دیوی قتل کیس کو بھی حل کرنے کا مطالبہ کیا جس کا قتل مبینہ طور سے آر ایس ایس اور اسکی اتحادی تنظیموں نے کیا ہے۔دریں اثنا پولیس نے احتجاج کے مد نظر جامع مسجد اور پسری بس اسٹینڈ کے گرعد و نواح میں سیکورٹی کے معقول انتظام کئے تھے۔تاہم مظاہرہ پر امن طور سے اختتام پذیر ہوا۔