بانہال // بانہال سے منگت کو جوڑنے کیلئے زیر تعمیررابطہ سڑک کو مکمل کرنے کیلئے اب تک کئی ڈیڈلائنیں ختم ہوچکی ہیں جبکہ وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کو دورئہ رام بن کے دوران بانہال منگت رابطہ سڑک کو 31 دسمبر 2017 تک مکمل کرنے کیلئے پی ایم جی ایس وائی کی یقین دہانی بھی سراب ثابت ہوئی ہے۔ لوگ وزیراعظم گرامین سڑک یوجنا کے تحت تیار کی جارہی منگت سڑک میں تاخیر کو لیکر سراپا احتجاج ہیں اور سڑک کو جلد از جلد مکمل کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ منگت کے مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ محکمہ پی ایم جی ایس وائی کے زیر کنٹرول اس رابطہ سڑک کی تعمیر میں مسلسل تاخیر کی جارہی نوسال بعد بھی سڑک مکمل ہونے سے بہت دور ہے۔ انہوں نے کہا کہ کام کو دس بارہ دن بعد ایک مشین کی مدد سے اتوار سے دوبارہ شروع کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بانہال سے منگت کے درمیان یہ رابطہ سڑک ایک درجن سے زائید دیہات کو جوڑے گی اور اس کی کھدائی کا کام پچھلے نو برسوںسے چل رہا ہے لیکن محکمہ پی ایم جی ایس وائی ابھی بھی کھدائی مکمل نہیں کرپایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال اکتوبر میں وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کے دورئہ رام بن کے دوران منگت کے ایک وفد نے اس سڑک کی تعمیر میں کی جارہی سست روی کا معاملہ وزیراعلی سے اٹھایا تھا اور وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کو وہاں موجود پی ایم جی ایس وائی کے افسروں نے سال گذشتہ کے آخر تک بانہال منگت کو مکمل کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی لیکن اب مارچ کا مہینہ بھی ختم ہونے کو ہے لیکن سڑک کی کھدائی مکمل کرنے میں چھ ماہ سے زائید کا مزید عرصہ درکار ہے۔