کشتواڑ//قصبہ کے ڈاک بنگلہ چوک میں مٹہ دیہات کے مکینوں نے پانی کی قلت کو لیکر محکمہ صحت عامہ کے خلاف ایک زور دار احتجاجی مظاہرہ کیا۔مظاہرے میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد بشمول خواتین نے شرکت کی اور کئی گھنٹوں تک سڑک پر آمد و رفت میں خلل ڈالا۔مُظاہرین کا الزام تھا کہ گُذشتہ کئی دنوں سے انکے علاقے میں پینے کے پانی کی معقول سپلائی نہیں ہو رہی ہے۔انکا الزام تھا کہ محکمہ کو انکی حالت سے کوئی پرواہ نہیں ہے۔کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے مظاہرین نے کہا کہ محکمہ کا کشتواڑ کے دیہات کی کوئی پریشانی نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ موضع کے انچارج کا بھی دیہات کے عوام کو پینے کاپانی مہیا کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں ہے۔انہوں نے وزیر برائے صحت عامہ پر زور دیا ہے کہ وہ محکمہ کے اہلکاروں کو ہدایت دیں کہ وہ فوری طور سے کنوئیں اور ٹیوب ویلوں کی صفائی کریں اورخراب ہینڈ پمپوں اور پائپوں کی مرمت بھی یقینی بنائیں۔ایک مقامی شخض نے کہا کہ پانی کی قلت کا یہ حال ہے کہ ہمارے بچوں کو گندی وردی میں ہی اسکول جانا پڑتا ہے ۔مظاہرین نے مزید کہا کہ پانی کی عدم دستیابی کی وجہ سے ہم گندہ پانی استعمال کرنے پر مجبور ہو رہے ہیں۔پانی کی قلت کی وجہ سے موضع کے2000کنبوں کو پریشانیوں کا سامنا ہے۔بعدازاں ،ضلع ترقیاتی کمشنر انگریز سنگھ رانا کی ہدایت پر اے سی ڈی نے جائے موقعہ پر مظاہرین کو سمجھا بجھا کر یقین دلایا کہ وہ یہ معاملہ محکمہ صحت عامہ کے اہلکاروں کے ساتھ اُٹھائیں گے۔