قومی شاہراہ کی خستہ حالی پر عوام برہم
ایم ایم پرویز
رام بن//رام بن قصبہ کے مسافروں،ڈرائیوروںاور لوگوں نے ضلع رام بن میں قومی شاہراہ کی خستہ حالی پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ان لوگوں نے الزام لگایا کہ شاہراہ کی خستہ حالی سے سڑک کے اس حصے پر سڑک حادثات کا احتمال رہتا ہے۔ان لوگوں نے کہا کہ رام بن سے بانہال تک گہرے کھڈے اور ٹوٹی پھوٹی سڑک اور جگہ جگہ پر مٹی کے ڈھیر دکھائی دیتے ہیں۔ ڈرائیوروں کی شکایت ہے کہ ایسے حالات میں شاہراہ پر سڑک حادثات کا خطرہ بڑھ گیاہے۔شاہراہ پر چلنے والی گاڑیاں سڑک کی خستہ حالی کے باعث خراب ہو جاتی ہیں ۔ ان کا یہ بھی الزام ہے کہ سڑک کی خستہ حالی سے ایسا کوئی بھی دن نہیں گُزرتا ہے جب کہ کوئی نہ کوئی سڑک حادثہ رونما ہوتا ہو۔نیشنل ہائی وے اتھارٹی آف انڈیا کی جانب سے مامور کی گئی کنٹریکٹر کمپنیاںبھی شاہراہ کی دیکھ ریکھ کرنے میں ناکام رہی ہیںاور اس جانب زیادہ توجہ نہیں دی جارہی۔
راج گڑھ کا سترا ٹھاٹھا دیہات پینے کے پانی سے محروم
محکمہ پر پانی بند کرنے کا الزام، ڈپٹی کمشنر ڈوڈہ سے اپیل
محمد تسکین
بانہال // ضلع رام بن کی تحصیل راج گڑھ کے سترا ٹھاٹھا کے لوگ پینے کے پانی کی عدم دستیابی کی وجہ سے مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ محکمہ پی ایچ ای ڈویژن ڈوڈہ کی طرف سے فرمان جاری ہوا ہے کہ لوگوں کے پانی کنکشن رجسٹرڈ کئے جائیں اور تب تک پینے کے پانی کی فراہمی مبینہ طور پر بند رکھی جائے اور اس حکم پر عملدارآمد جاری ہے ۔ ضلع ڈوڈہ اور ضلع رام بن کے دو حصوں میں بٹے تحصیل راج گڑھ کے دورافتادہ دیہات سترا ٹھاٹھا کے لوگوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ یہ علاقہ باقی دنیا سے کٹا ہوا ہے اورجغرافیائی لحاظ سے ضلع رام بن کا یہ علاقہ ضلع ڈوڈہ میں بھی پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت عامہ ڈوڈہ کی طرف سے یہاں بچھائی گئی پائپ لائنیں بوسیدہ ہو چکی ہیں اور پانی کے نلکے جگہ جگہ ٹوٹے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پہلے ہی سے پینے کے پانی کی کمی کے بحران علاقہ سترا ٹھاٹھا میں اب پینے کے پانی کی فراہمی محکمہ کی طرف سے روک دی گئی ہے جو افسوسناک عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ کے ملازمین نلکوں کے کنکشن درج کرنے کیلئے دباو ڈال رہے ہیں جبکہ پینے کی پانی کی لائنیں نہایت ہی خستہ حالی کا شکار ہیں اور قیمتی پانی ضائع ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ تب تک کنکشن درج نہیں کرائیں گے جب تک نہ پینے کے پانی کی فراہمی کو بحال اور بہتر کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے کئی ہفتوں سے پینے کا پانی محکمہ صحت عامہ کے ملازمین نے بند کر ررکھا ہے جس کی وجہ سے سترا ٹھاٹھا کی دو ہزار کے قریب آبادی کے علاوہ سکولوں اور عبادت گاہوں میں پانی نہ ہونے کی وجہ سے لوگوں کو مشکلات پیش آرہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مال مویشی بھی محکمہ کے اس رویہ سے متاثر ہیں۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر ڈوڈہ سے اپیل کی ہے کہ وہ اس اہم معاملے کی طرف توجہ دیکر محکمہ پی ایچ ای کے ملازمین کی سرزنش کریں اور پینے کا پانی بحال کرانے کا حکم صادر کریں۔ اس سلسلے میں محکمہ کے ایکسئین سے رابطہ کرنے کی کوئی بھی کوشش کا میاب ثابت نہ ہو سکی۔
گندو میں عارضی ملازمین احتجاجی دھرنا
رفیع چودھری
ڈوڈہ// گندو میں ڈیلی ویجروں اور سی پی ورکروں نے محکمہ تعمیرات عامہ اور محکمہ صحت عامہ کے خلاف زور دار احتجاج کیا۔مظاہرین گزشتہ 06 مہینوں سے بقایا اجرت ادا کرنے کا مطالبہ کر رہے تھے۔ڈیلی ویجروں اور سی پی ورکروں کی ایک بڑی تعداد گندو میں اکٹھی ہوئی اورانہوںنے سرکار مخالف مظاہرہ کیا۔تعمیرات عامہ اور پی ایچ ای حُکام کے خلاف مظاہرہ کرتے ہوئے مظاہرین نے فوری طور سے اپنی بقایاتنخواہ واگُزار کرنے کا مطالبہ کیا۔انہوں نے الزام لگایا کہ اجرت ادا نہ کرنے کی وجہ سے ڈیلی ویجر اور سی پی ورکر بھکمری کے شکارہو رہے ہیں۔انہوں نے یہ بھی الزام لگا یا کہ سرکار انکی ملازمت کوباقاعدہ بنانے میں لیت و لعل سے کام لے رہی ہے جبکہ وہ گزشتہ 20 برسوں سے کام کر رہے ہیں۔
مغویہ دوشیزہ اور لا پتہ خاتون بازیاب
عظمیٰ نیوز
ڈوڈہ // ڈوڈہ پولیس نے اغوا شدہ دوشیزہ اورلاپتہ خاتون کو کشمیر سے برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ پولیس کے مطابق علی حسین ساکنہ نالی ڈولو ،گندو نے پولیس اسٹیشن گندو میں ایک شکایت درج کرائی کہ انکی بیٹی مورخہ11-12-2017سے لاپتہ ہوئی ہے ۔پولیس نے اس پر ایک معاملہ درج کرکے تحقیقات شروع کر دی لیکن بعد میں پتہ چلا کہ دوشیزہ کو محمد اشرف ولد عبدالغفار ساکنہ چندوسہ، شاملارن ضلع بارہمولہ نے اغوا کیا ہے۔ڈوڈہ پولیس نے اس اطلاع پر اپنے تمام واسائل کو متحرک کیا اور مغویہ کو مبینہ ملزم کے گھر واقع چندوسہ، بارہمولہ سے برآمد کرکے مبینہ ملزم کو گرفتار کیا۔مغویہ نے اپنے بیان میں کہا کہ مبینہ ملزم نے اسکے ساتھ شادی کرنے کے بہانے دھوکہ دیا ہے ۔مغویہ کو قانونی لوازمات پُر کرنے کے بعد والدین کے حوالے کر دیا گیا ۔ دریں اثنا پولیس نے ایک خاتون کوشلیا دیوی زوجہ بہوری سنگھ ساکنہ گورکھاڑاتحصیل ٹھاٹھری کو اننت ناگ سے بازیاب کیا جس کے خاوند کی جانب سے ایک گمشدگی رپورٹ درج کروائی گئی تھی ۔ قانونی لوازمات پُر کرنے کے بعد اسے اپنے خاوند کو سونپا ہے۔ یہ کاروائیاں ایس ایچ او پولیس اسٹیشن گندو انسپکٹر عنایت حُسین کی قیادت اورایس ڈی پی او گندو کرشن سنگھ اور اے ایس پی بھدرواہ راجندر سنگھ کی نگرانی میں ایس ایس پی ڈوڈہ محمد شبیر کی ہدایت پر انجام دی گئیں۔
ڈپٹی کمشنر رام بن کا تعمیراتی کمپنیوں کے نمائندگان سے اجلاس
رام بن //قومی پروجیکٹوں کے بر وقت تکمیل کے سلسلہ ضلع ترقیاتی کمشنر طارق حُسین گنائی کی قیادت میں محکمہ مال،انجینئروں اور تعمیراتی کمپنیوں کے نمائندوں نے ناشری سے جواہر ٹنل تک قومی شاہراہ کو چار گلیار بنا نے او ر ان کے در پیش مسائل کا جائزہ لینے وقومی پروجیکٹوں کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لئے ایک اجلاس منعقد ہوا ۔اجلاس میں اے ڈی سی گورویندر جیت سنگھ، ایس ڈی ایم گول پنکج، ایس ڈٖی ایم رامسو ، ایس ڈی ایم بانہال ،تحصیلداروں اور افکان، ارکان،نوا یگ، رامکے، ایچ سی سی ،گامون وغیرہ کنسٹریکشن کمپنیوں کے نمائندوں کے علاوہ این ایچ اے آئی کے افسروں نے شرکت کی۔چار گلیار بنانے اور ریلوے پروجیکٹ کی اہمیت کے پیش نظر ڈی سی نے ڈی سی نے کمپنیوں کو پروجیکٹ کی تعمیر میں حائل تمام روکاوٹوں کو دور کرنے کی یقین دہانی کی جبکہ بعض مدعوں کو موقعہ پر ہی حل کیا گیا ۔ڈی سی نے زمین کی حصولیابی کے کیسوں کا جائزہ لیا اور کمپنیوں کی جانب سے اُٹھائے گئے مدعوں کو بھی حل کیا ۔انہوںنے ان پروجیکٹوں میں روزگار کے مدعوں کا بھی جائزہ لیا۔انہوں نے تعمیراتی کمپنیوں سے مقامی نوجوانوں کو ترجیح بنیادوں پر روز گار دینے کی تلقین کی ۔انہوں نے ان کمپنیوں کو شاہراہ کی مرمت کرکے اسکو قابل آمد و رفت بنانے کی بھی ہدایت دی۔
لاپتہ نوجوان
ریاسی کے جنگل سے زخمی حالت میں بازیاب
ریاسی //پولیس نے ریاسی کے جنگلوں سے ایک نوجوان کو زخمی حالت میں بازیاب کیا جو گُذشتہ کئی دنوں سے لاپتہ تھا ۔پولیس کے مطابق وکرم سنگھ ریاسی میں اپنے گھر سے لاپتہ ہوگیا تھا جس حوالے سے پولیس کے پاس گمشدگی کی رپورٹ بھی آئی ۔زخمی نوجوان کوبازیاب کرنے کے بعد بہتر علاج و محالجہ کے لئے جموں منتقل کیا گیا ہے۔
سروڑی کااِظہارِ رنج و الم
کشتواڑ//جموں وکشمیرپردیش کانگریس کمیٹی کے نائب صدر ورکن اسمبلی ،اندروال غلام محمد سروڑی نے سینئر کانگریس لیڈعبد المجید مٹو ا ساکنہ درابشالہ کشتواڑکی وفات پرگہرے رنج والم کااِظہارکیاہے۔اپنے تعزیتی پیغام نے سروڑی نے کہاکہ عبد المجید مٹو ا کی وفات بدقسمتی ہے اورہمارے لئے بڑانقصان ہے۔اُنہوں نے کہاکہ سماج میں اس شخص کی جدائی سے جوخلاپیداہوا ہے، اِسے پرکرناناممکن ہے۔اُنہوں نے عبد المجید مٹو ا کوبہترین سماجی شخصیات قرار دیتے ہوئے کہاکہ وہ ہمیشہ سماج کی خدمت کاشوق وذوق رکھتے تھے اورہمیشہ سماجی کاموں میں پیش پیش رہتے تھے۔سروڑی نے مٹو ا کے غمزدگان کیساتھ گہری ہمدردی کااِظہارکیاہے۔اُنہوں نے مرحوم کوجنت الفردوس میں اعلیٰ سے اعلیٰ مقام عطاکرنے کی بارگاہِ الٰہی سے دعاکی۔
پتنازی کشتواڑ میں پانی کے بچائو پر توسیعی خطبہ
عظمیٰ نیوز
کشتواڑ //فوج کی جانب سے’’عالمی یوم آب ‘‘کے موقعہ پر پانی کے بچائو کیلئے پتنازی میںایک توسیعی لیکچر کا اہتمام کیا ،جس کا مقصد لوگوں میں پانی کی اہمیت کے بارے میں بیداری میں اضافہ کرنا تھا ۔اس موقعہ پر مقامی لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے فوج کے افسروں نے لوگوں کو پانی کی قلت سے آگاہ کیا اور انہیں پانی کا تحفُظ کرنے کی حوصلہ افزائی کی۔انہیں پانی بچانے کے کئی اقدام کی بھی جانکاری دی گئی۔نوجوانوں کو پانی بچانے جیسے کہ بارش کے پانی اور پانی کا منصفانہ استعمال کرنے کی تر غیب دی گئی۔پروگرام کے اختتام پر’’پانی بچائو، زمین بچائو ‘‘ کا نعرہ دیا گیا ۔پروگرام میں کل ملا کر 30مقامی اشخاص نے شرکت کی۔فوج کی اس پہل کی مقامی لوگوں نے کافی ستائش کی اور کہا کہ ایسے خطبوں سے مقامی لوگوں میں پانی بچانے کی بیداری میں اضافہ ہوگا۔
بھدرواہ میں جواں سال ٹرانسپورٹر کی خود کشی
بھدرواہ /طاہر ندیم خان/حویلی محلہ بھدرواہ میں ایک جواں سال ٹرانسپورٹر نے کوئی زہریلی شے کھاکرخود کشی کر لی۔اس کی شناخت نیرج کمار ولد چونی لعل ساکنہ موضع شیوا ڈوڈہ کے طور پر ہوئی ہے ۔وہ حویلی محلہ کے ایک مکان میں بطور کرایہ دار اکیلے ہی رہتا تھا ۔اطلاعات کے مطابق متوفی کے دو میٹا ڈار اور جائی میں ایک چکن کی دوکان بھی تھی۔جمعرات کو وہ اپنی بہن کے گھر کھانا کھانے کے بعد دیر شام کو گھر آیا ۔اگلی صُبح جب کنڈیکٹر نے حسب معمول اسکا دروازہ کو کھٹکھٹایا تو وہاں سے کوئی جواب نہیں آیا جس پراُس نے شور مچایا اور مالک مکان کی مدد سے دروازہ توڑا اتودیکھاکہ نیرج کی نعش پڑی ہوئی ہے۔اے ایس پی بھدرواہ راجندر سنگھ کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ یہ خود کشی کا کیس ہے کیونکہ نعش کے پاس ہی ایک زہریلی شے کی خالی بوتل پائی گئی ۔نعش کو ایس ڈی ایچ بھدرواہ پوسٹ مارٹم کے لئے منتقل کیا گیا ،تاہم اس انتہائی اقدام کی وجہ ابھی تک معلوم نہیں ہو پائی۔پولیس نے اس سلسلہ میں ایک معاملہ زیر ایف آئی آر نمبر174،سی آر پی سی درج کرکے تحقیقات شروع کر دی ہے۔نعش پوسٹ مارٹم کرنے کے بعد قانونی ورثا میں آخری رسومات ادا کرنے کے لئے سونپی گئی ہے۔
ٹھاٹھری میں ٹھیکیداروں کا احتجاج
رفیع چودھری
کشتواڑ/ /کنٹریکٹر ایسو سی ایشن لوئر کلنائی پاور پروجیکٹ ڈوناڈی ،ٹھاٹھری کے لیبروں اور ملازمین کی ایسوسی ایشن نے ٹھاٹھری میں مینٹینا کمپنی کے خلاف احتجاجی مُظاہرہ کیااور کشتواڑ۔ڈوڈہ کی سڑک پر رخنہ ڈالا ۔مُظاہرین کی قیادت اصغر حسین خانگی اور چودھری نور محمد کلو کر رہے تھے۔مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے ان لیڈروں نے کہا کہ مینٹینا اور کوسٹل کمپنیاں ملازمین اور لیبروں کو گُذشتہ چار برسوں سے اُجرت ادا کرنے میں ناکام رہی ہیں۔مظاہرین نے ٹھاٹھری انتظامیہ سے اس سلسلہ میں مذکورہ کمپنی کے خلاف لازمی کارروائی کرنے کی اپیل کی ہے۔
دسویں جماعت کی طالبہ کھائی میں گر کر زخمی
محمد تسکین
بانہال // بانہال قصبہ کے نزدیک کراوہ موڑ پر سکول جاتے ہوئے دسویں جماعت کی ایک بچی بے ہوش ہونے کے بعدسڑک سے نیچے گر گئی جس کی وجہ سے وہ زخمی ہوئی ہے۔اسے بانہال ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں سے ڈاکٹروں نے مزید علاج اور دیگر جانچ کیلئے ضلع ہسپتال اننت ناگ بھیج دیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دسویں جماعت کی طالبہ رقیہ جان دختر عبدالغنی راتھر ساکنہ کراوہ بانہال جمعرات کی صبح اپنے سکول گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول واقع بانہال جارہی تھی کہ زیارت روڈ پر یہ لڑکی اچانک بے ہوش ہوگئی اور سڑک سے نیچے ایک کھائی میں جاگری تاہم خو ش قسمتی سے لڑکی زیارت روڈ سے کسکوٹ روڈ پر گرنے سے پہلے ہی کھائی کے بیچ میں رک گئی۔ انہوں نے کہا کہ واقعہ کے بعد دیگر طالبات اور کئی راہ گیروں نے بچائو کارروائی کی اور زخمی ہوئی طالبہ کو پولیس کی مدد سے بانہال ہسپتال پہنچایا گیا۔ بانہال ہسپتال میں ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد اس طالبہ کو ضلع ہسپتال اننت ناگ منتقل کیا گیا جہاں ضروری ٹیسٹ وغیرہ کرنے کے بعد بچی کو گھر جانے کی اجازت دی گئی۔