بٹوت// صوبہ جموں کے خط پیر پنچال کے متعددقصبہ جات کی طرز پر خطہ چناب کے قصبہ بٹوت کے عوام اورخطہ میں مختلف سیاسی سماجی پارٹیوں سے وابستہ لیڈران کی جانب سے بٹوت کو سب ڈویژن و سب ڈسٹرکٹ کا درجہ دیئے جانے کا حکومت سے پُرزور مطالبہ کیا جارہا ہے۔ اس سلسلے میں بٹوت کے بھدروا موڑ چوک پر اس مانگ کو لیکربٹوت ومضافات کے علاقہ جات سے تعلق رکھنے وا لے لوگ جمعہ کے روز بعد دوپہر اکھٹا ہوئے اوریک زبان ہو کر بٹوت کوسب ڈویژن اور سب ڈسٹرکٹ کا درجہ دینے کا حکومت سے پُرزور مطالبہ کیا۔ لوگوں کا کہنا تھاکہ ایک طویل عرصے تک ریاست کے سرمائی اور گرمائی دارالخلافہ شہر جموں اور سرینگر کے لئے مرکزی حیثیت و اہمیت کے حامل قصبہ بٹوت کے عوام کو اپنے وقت کی حکومتو ں کی جانب سے بنیادی سہولتوںکی فراہمی کے نام پر بُری طرح سے نظر انداز کیا جاتا رہا ہے۔ ان کاکہناتھاکہ قدرتی حسن کی دولت سے مالا مال اس قصبے کے ساتھ تعمیر وترقی کے نام پرحکومتو ں نے ہمیشہ سوتیلا سلوک و برتائو کیا اوریہ سلسلہ ریاست میں نئی انتظامی اکائیوں کے قیام کے وقت بھی بٹوت کے ساتھ برابر جاری رہا۔انہوںنے کہاکہ بٹوت قصبہ جو اس وقت سب ڈویژن کے قیام کا صحیح معنوں میںحقدار تھا،کو اس وقت بھی سیاسی مصلحتوں کی وجہ سے اس حق سے محروم رکھا گیااور اب جب کہ خطہ چناب کے ساتھ ساتھ ریاست کے دیگر حصوں میں بٹوت کے ہم عصر قصبہ جات کوسب ڈویژن کا درجہ حاصل ہے مگر بٹوت کے حصے میں محرومی ہی ہے۔ لوگوں کے بقول گزشتہ ستر سال میں بٹوت کی عوام کوبنیادی سہولیات کے نام پر حکومتوںکی جانب سے محروم رکھاگیا۔ اس موقعہ پر بٹوت اور گرد نواح کے علاقہ جات میں مختلف سیاسی سماجی پارٹیوں اور تنظیموں سے وابستہ عہدے داران ولیڈران نے بھی بٹوت کو سب ڈویژن اورسب ضلع کا درجہ دیئے جانے کا حکومت سے پُرزور مطالبہ دوہرایا۔ عظمیٰ سے بات کرتے ہوے ریاستی جنرل سیکریٹری یوتھ کانگرس راشد ملک ، نیشنل کانفرنس ضلع رابن کے سیکریٹری عارف میر ، ضلع یوتھ صدررام بن محمد فاروق میر عرف غازی،مرکزی سیرت کمیٹی جامعہ مسجد بٹوت کے صدرمحمد یوسف میر،بٹوت بیوپار منڈل کے صدر سنجے گپتا ،ہوٹل ڈھابہ ایسوسی ایشن کے صدرغلام حیدر خان،آل انڈیاکانگرس پارٹی بلاک بٹوت کے صدرریٹائرڈ ماسٹرجنک سنگھ،سناتن دھرم سبھاکمیٹی بٹوت صدرنیشو گپتا نے حکومت سے مشترکہ اپیل کی کہ قصبہ بٹوت جلد از جلد سب ڈویژن اور سب ڈسٹرکٹ کا درجہ دیا جائے۔