ریاسی// مہور/ارناس کے دور دراز دیہات کے عوام کو ناقص غذا ئیت کے اثرات کی جانکاری دینے کے لئے ضلع کے دونوںآئی سی ڈی ایس پروجیکٹوں میں نُکڑ ناٹک پیش کیا گیا ۔اس سلسلہ میںمنعقدہ تقریب کی قیادت ایس ڈی ایم ارناس /مہور یاسین چودھری( آئی ا ے ایس ) نے کی۔تقریب میں سکولی بچوں اور آئی سی ڈی ایس کے فیلڈ اہلکاروں نے شرکت کی۔ نُکڑ ناٹک کا اہتمام کلچرل اکیڈمی کے اشتراک سے کیا گیا ۔رنگا رنگ تمدنی پروگرام اور نکُڑ کے ذریعہ عام لوگوں کو اچھی صحت و صفائی، مقوی غذا اور بیٹی بچائوکی اہمیت سے آگاہ کیا ۔اس موقعہ پر سی ڈی پی او ارناس/مہور انجم گنائی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس مہم کامقصد 2020 تک ہر سال بتدریج کم ناقص غذا اور کم وزن کے پیدائشی بچوں میں2 فیصد ی اور بچوں،خواتین اور بالغان میں خون کی کمی کی شرح میں سالانہ 3 فیصدی کمی لانا ہے۔انہوں نے عام لوگوں پر زور دیاکہ وہ اس سلسلے میں آئی سی ڈی ایس کو تعاون دے کر اس پیغام کو زیادہ سے زیادہ عام کریں۔انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ جب اس کے نتائج سامنے آئیں گے تو ایک صحت مند بھارت کی تصویر اُبھر کر آئے گی۔انہوں نے بتایاکہ ناقص غذائیت سے متعلق لوگوں کی شناخت مہورکے 210آنگن واڑی مراکز او رارناس کے 371 آنگن واڑی مراکز میں کی جائے گی جس مقصد کیلئے 500 روپے کی اضافی رقم آنگن واڑی ورکروں کو دی جائے گی ۔انہوں نے مزید کہا کہ دستیاب اعداد و شمار کے مطابق ہمارے بچے ناقص غذائیت کا شکار ہیںاور ان دونوں پروجیکٹوں میں ناقص غذائیت کے خاتمہ کے لئے مقررہ وقت میں کوششیں کی جائیںگی۔ انہوں نے فیلڈ ورکروں پر زور دیاکہ وہ ناقص غذائیت کا خاتمہ کرنے کو بطور چیلنج لیںتاکہ ایک صحت مند معاشرہ وجو د میں آسکے۔ایس ڈی ایم مہور/ارناس یاسین چودھری نے بھی عوام سے ناقص غذائیت سے دور رہنے کی اپیل کی۔انہوں نے کہا کہ بچے ملک کا مستقبل ہیں اور صحت مند بچے ایک صحت مند بھارت بنائیںگے ۔انہوں نے سی ڈی پی او کی جانب سے اس دور دراز علاقہ میں اس موضوع پر ایسا نُکڑناٹک پیش کرنے کی سراہنا کی۔