ڈوڈہ //ڈوڈہ پولیس نے ناجائز شراب کی 73فروٹیاں بر آمد کرنے کا دعویٰ کرکے 2۔ افراد کو گرفتارکیا ہے۔پولیس نے ناجائز شراب کے خلاف اپنی مہم جاری رکھتے ہوئے پُل ڈوڈہ پولیس پوسٹ کی ایک پولیس ٹیم نے زیر قیادت ایس آئی یوگ راج زیر نگرانی ڈپٹی ایس پی ہیڈ کوارٹر افتخار احمد پُل کے پاس معمول کی چیکنگ کے دوران ایک وہیکل زیر نمبرJK06-1268 کر روکا جسے ایک سدیش کمار ولد دونی چند ساکنہ شیرینہ شوا چلا رہا تھا ۔ گاڑی کی تلاشی کے دوران اس میں سے 36 ناجائز شراب کی فروٹیاں بر آمد کی گئیں۔پولیس نے اس پر وہیکل کو ضبط کرکے سدیش کمار کو گرفتار کیا۔پولیس اسٹیشن ڈوڈہ میں اس سلسلہ میں ایک معاملہ زیر ایف آئی آر نمبر39/2018درج کرکے مزید تحقیقات شروع کر دی ۔دریں اثنا ، پولیس پوسٹ پُل ڈوڈہ نے ایک مصدقہ اطلاع ملنے پر ایک راج کمار ولد بھاگی رتھ ساکنہ روارنہ بھالہ کو پُل دوڈہ کے مقام پر روکا اور دوران تلاشی اسکے قبضہ سے 37 ناجائز شراب کی فروٹیاں بر آمد کیں، جسے وہ غیر قانونی طور سے فروخت کرنے کیلئے لے جا رہا تھا۔پولیس نے اس سلسلہ میں ایک معاملہ زیر ایف آئی آر نمبر40/2018درج کرکے مزید کاروائی شروع کر دی ہے۔