بھدرواہ//خطہ چناب میں اتوار کو مہا نومی کا تہوار مذہبی جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔صبح سے ہی شردھالوں کی ایک بڑی تعداد جن میں مرد،خواتین اور بچے شامل ہیں مندروں میں حاضری دی اور علاقے کے امن ،استحکام اور خوشحالی کیلئے ہون میں شرکت کی۔مہا نومی کے موقعہ پر بھدرواہ ،ڈوڈہ ،کشتواڑ اور خطہ چناب کے دیگر علاقوں میں شردھالوں کی ایک بڑی تعداد نے مندروں میں شرکت کی۔پوجا ارچنا کے لئے شردھالوں کو لمبی قطاروں میں کھڑا رہنا پڑا۔بھدرواہ میں چنڈی ماتا مندر چینوت میں شردھالوں کی بھاری بھیڑ جمع تھی جہاں مندر کمیٹی نے پرشاد اور لنگر شردھالوں میںتقسیم کیا۔ایک مذہبی لیڈر نے بتایا کہ آج نو دنوں کے نوراترہ برت روائتی کنجک پوجن کے ساتھ ہی اختتام پذیر ہوا۔بھدرواہ کیمپس سے ایک خاتون شردھالو پونم منہاس نے کہا کہ مجھے ہر تہوار پیارا لگتا ہے لیکن مہا نومی میرا پسندیدہ تہوار ہے کیو ںکہ جیسا کہ یہ خواتین کو با اختیار بنانے اور لڑکی بچے کا احترام کرنے سے جڑا ہے۔چنڈی ماتا مندر بھدرواہ کے مہنت نے بتایا کہ صبح سے شردھولوں کی بھاری بھیڑ مندر میں جمع ہو گئی لیکن ہم نے درشن، ہون اور لنگر کیلئے تمام انتظامات کر رکھے تھے۔اس موقعہ پر انتظامیہ نے شردھالوں کیلئے سیکوریٹی کے سخت انتظامات کئے تھے۔