بھدرواہ / /ملک کے دیگر حصوں کی طرح وادی چناب میں بھی سنیچر کے روز ہنومان جینتی نہایت ہی تزک و احتشام اور مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی،جس میں سینکڑوں شردھالووں نے شرکت کی۔وشو ہندو پریشد،بجرنگ دل کی جانب سے متعدد مقامات پر تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔بھدرواہ میں روایتی ہون اور پوجاپاٹھ کے ساتھ تقریب کا اہتمام لکشمی نرائن مندر میں کیا گیا ،جس دوران خصوصی پرارتھنا اور پوجا ارچنا کی گئی۔ جس کے بعد بھگوان ہنو مان کی جھانکی اور شوبھا یاترا خوبصورتی سے سجائے گئے ایک رتھ میں نکالی گئی۔مذہبی گوروں کے مطابق ہنومان جینتی دنیا بھر میں بھگوان ہنومان،بھگوان رام کے دیوتا کے جنم دن کو یاد کرنے کے لئے منائی جاتی ہے،جسے ہنومان جینتی کہا جاتا ہے۔یہ وہ دن ہے جس دن ورن دیو نے جنم لیا ہے اور جو چیتر شکلہ پکھش کی15ویں تاریخ کو منایا جا تا ہے۔شوبھا یاترا میں سینکڑوں شردھالووں نے شرکت کی،جو لکشمی نرائن مندر سے شروع ہو کر دومیل، گاتھا، اُدرانہ، ریڈیو اسٹیشن ،کوٹلی، نیو بس اسٹینڈ،سیری بازار اور سرتنگل علاقوں سے ہوتے ہوئے بھگوان ہنومان مندر نالتھی میں اختتام پذیر ہوئی،جہاں پر شردھالووں نے درشن کئے اور واپس گپت گنگا آگئے،جہاں پر ایک لنگر کا اہتمام کیا گیا تھا۔شوبھا یاترا میں شردھالوو رقص کرتے ہوئے بھجن و کیرتن کر رہے تھے۔شرددھالووں کی سہولیات کے لئے انتظامیہ نے تمام مندروں کے ارد گرد سیکورٹی کے خاطر خواہ ا نتظامات کئے تھے،تاکہ تقریب پُر امن طور سے اختتام پذیر ہو سکے۔اطلاعات کے مطابق ہنومان جینتی تقریبات ڈوڈہ، کشتواڑ، رام بن ، بٹوت، دربھشالہ، بھلیسہ، گندو، چنٹا، بھالرا اور ٹھاٹھری علاقوں میں بھی جوش و خروش کے ساتھ منائی گئی ہے۔