عسر بگر علاقہ ہر محاذ پر نظر انداز : چمن لال بھگت
ارشد کاظمی
بٹوت//نیشنل کانفرنس کے صوبائی نائب صدر وسابقہ ممبر اسمبلی حلقہ رام بن ڈاکٹر چمن لعل بھگت نے وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی کی سربراہی والی موجودہ ریاستی مخلوط حکومت کی کارکردگی کو ناکام وناقص قرار دیتے ہوے کہا کہ بی جے پی پی ڈی پی اتحاد پر مشتمل حکومت ریاستی عوام کو درپیش روز مرہ مسائل ومشکلات سے نجات دلانے میںپوری طرح سے ناکام ثابت ہوئی ہے اس سلسلے میںاسمبلی حلقہ رام بن کے قصبہ عسر اور رام گڑھ میں منعقد عوامی میٹنگوں میں قصبہ جات کے عوام کو درپیش مسائل و مشکلات کی تفصلات سے آگاہی حاصل کرنے کے بعد کہا کہ دور دراز پہاڑی پسماندہ علاقہ جات پر مشتمل ضلع ڈوڈہ کی تحصیل عسر کو حکومت نے تعمیر و ترقی اوربنیادی سہولتوں کی فراہمی کے نام پر بُری طرح سے نظر اندازکر رکھا ٰہے اُنہوں نے کہا کہ تحصیل عسر کے واحد پرائمری ہیلتھ سنٹر گورمنٹ ہسپتال عسر میں ڈاکٹروںکی بیشتراسامیاں خالی پڑی ہوئی ہیں تونیم طبی عملے کی سخت کی قلت ہے ۔علاقے میں کئی سال سے زیر تعمیر سڑکوں کی کا کام آدھاادھورا پڑا ہواہے۔بیشتر سرکارسکولوں میںمنظور شدہ اساتذہ کی اسامیاںبڑے پیمانے پر خالی پڑی ہونے کی وجہ سے سکولوں میںزیرتعلیم طلبہ کی پڑھائی بُری طرح سے متاثر ہو رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ لوگوں کی بڑی تعدادآج کے ترقی یافتہ جدید دور میں بھی بجلی اور پینے کے صاف پا نی جیسی بنیادی سہولتوں سے محروم زندگی جینے پر مجبور ہے لہذا ان حالات سے پریشان و مایوس عسر وگرد نواح کے عوام موجودہ ریاستی مخلوط حکومت سے نجات کے متمنی ہیں ۔اس موقع پرنیشنل کانفرنس ضلع رام بن کے سکریڑی عارف میر اورپارٹی کے ضلع یوتھ صدر رام بن محمدفاروق غازی بھی موجود تھے۔
رہبر تعلیم اساتذہ کی تعزیتی میٹنگ
بانہال //جموں و کشمیر ٹیچرس فورم زون نہال پورہ سے وابستہ عہدیداراں اور ممبران کی ایک تعزیتی مٹینگ آج زونل ہیڈ کوارٹر نہال پورہ میں منعقد ہوئی جس کی صدارت ٹیچرس فورم کے زونل صدر خالد بشیر تلگامی نے کی۔میٹنگ میں تنظیم ممبر محمد رمضان ملہ کی حادثاتی موت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا گیا۔واضح رہے کہ محمد رمضان ملہ گزشتہ دنوں جموں سرینگر قومی شاہراہ پر بانہال میں ایک سڑک حادثے کے دوران شدید طور پر زخمی ہوئے تھے۔جنہیں بعد میں زخمی حالت میں SKIMS صورہ منتقل کیا گیا تھا۔جہاں وہ لگ بھگ ایک ہفتے تک موت و حیات کی کشمش میں مبتلا رہنے کے بعد 30 مارچ 2018 کو مالک حقیقی سے جا ملے۔محمد رمضان ملہ ایک قابل ذہین اور محنتی استاد ہونے کے ساتھ ساتھ دیانتدار ،ایماندار اور پابند صوم و صلوٰۃ بھی تھے۔محمد رمضان کے رحمت حق ہونے سے محکمہ میں ایک خلا پیدا ہوا ہے جسے پر کرنا مشکل ہی نہیں بلکہ نا ممکن بھی ہے۔جموں و کشمیر ٹیچرس فورم کے چیرمین عبد القیوم وانی،صوبائی صدر محمد افضل بٹ ،ضلع صدر جناب محمد امین ملک اور زونل صدر خالد بشیر تیلگامی صاحب مرحوم کے فرزند اور محکمہ تعلیم میں ایک محنتی اور پر خلوص استاد فدا حسین ملا اور ان کے دیگر اہل خانہ کے ساتھ تعزیت کا اظہار کر تے ہوئے مرحوم کے ایصال ثواب کیلئے دعا کی اور کہا کہ جموں وکشمیر ٹیچرس فورم لواحقین کے غم میں برابر شریک ہیں۔
ڈسٹرکٹ بار ایسو سی ایشن کے انتخابی نتائج پر سول سوسائٹی مطمئن
اسحٰق عارف
ڈوڈہ//ایڈوکیٹ خورشید احمد دیو کو ڈسٹرکٹ بار ایسوسیشن کشتواڑ کا صدر منتخب ہونے پر چناب گروپ آف سیول سوسائٹی ڈوڈہ نے ایڈوکیٹ خورشید احمد دیو و دیگر عہدے داران سے اُمید ظاہر کی ہے کہ سیول سوسائٹی کا سب سے اہم ادارہ نہ صرف ضلع کشتواڑ بلکہ پورے ڈوڈہ خطہ کی فلاح بہبودی تعمیر و ترقی کے لئے کام کرے گا۔ اشتیاق احمد دیو کی صدارت میں منعقد ہونے والے اجلاس میں مقررین نے کہا کہ خورشید احمد دیو حقیقی معنوں میں ایک عوام دوست بردبار سنجیدہ دور اندیش دیانت دار امانت دار شخصیت کے مالک ہیں اور پورے چناب ویلی میں عزت و قدر کی نگاہ سے دیکھے جاتے ہیں اور بالخصوص کشتواڑ کے عوام نے کبھی ظلم و جبر ناانصافی کے سامنے سرنہ جھکایا ہے اور پورے خطہ میں جدوجہد کے لئے کشتواڑ ممتاز مقام رکھتا ہے اور بھائی چارہ بھی مثالی ہے گرچہ ڈوڈہ چناب ویلی کا جغرافیائی مرکز ہے مگر کشتواڑ روحانی مرکز ہے ایسے میں کشتواڑ کے اندر عوامی اداروں پر مخلص بیباک عوام دوست لوگوں کی سربراہی پورے خطہ کے لئے باعث مسرت ہے اور کشتواڑ کی وکلاء برادری نے ایک بار پھر یہ ثابت کیا ہے کہ وہ ایک دور اندیش سوچ رکھتے ہیں اجلاس میں غلام حسن پانپوری ، نصیر احمد کھوڑا، عبدالمنان بانڈے ، محمد اشرف ذرگر نے بھی خطاب کیا۔ دریں اثناء ڈسٹرکٹ بار ایسوسیشن ڈوڈہ کے صدر ایڈوکیٹ غلام حسن پاٹیگڑو، ماہر اطفال ڈاکٹر محمد ظفراللہ کرائیپاک ، ایڈوکیٹ سید محمد حنیف ہاشمی، پی ڈی پی رہنما مرزا مظفر حُسین بیگ، سعداللہ شاد فرید آبادی، راجہ عنایت اللہ خان نے ایڈوکیٹ خورشید احمد دیو کو بار صدر کشتواڑ منتخب ہونے پر نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ اُمید ظاہر کی ہے کہ ایک ذمہ دار ادارے کو ایک مہذب تجربہ کار عوام دوست شخص کی قیادت ملنا ملک و قوم اور سماج کے لئے نیک شگون ہوتا ہے۔
پی ڈی پی ضلع صدر کا دورۂ دیہات
اسحٰق عارف
ڈوڈہ//جموں کشمیرپیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے صدر ضلع ڈوڈہ شہاب الحق بٹ نے ڈوڈہ ضلع کے گندنہ، لڈنہ، آبلی ماسری علاقوں کا دورہ کر کے وہاں حالات کا جائزہ لیا اس موقع پر لوگوں نے مطالبہ کیا کہ گورنمٹ ہائر سکینڈری سکول گندنہ میں عمارت کی قلت ہے،گورنمٹ ہائی سکول ابلی ماسری کو درجہ بڑھا کر ہائر سکنڈری سکول کرنے کا بھی مطالبہ ہوا۔اس موقع پر گورنمٹ ہائر سکنڈری سکول گندنہ میں تدریسی عملہ کی قلت پیدا شدہ صورت حال کے علاوہ تعینات شدہ تدریسی عملہ کا سکول میں ڈیوٹی نہ دینے پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے بٹ نے کہا کہ وہ وزیر تعلیم سے خصوصی طور یہ معاملہ اُٹھائیں گے۔ عوامی وفود نے دھڑا گندنہ سڑک کی تعمیر میں غیر معیاری کام کی بھی شکایت کی ان کو تحصیل صدر مقام گندنہ کے مقفل دفتر میں لیا جہاں تحصیل دفتر گندنہ بند تھا ۔پی ڈی پی ضلع صدر نے لوگوں کو تلقین کی ہے کہ اپنے بچوں کو معیاری تعلیم دینے کے لئے محنت کریں اور خود روزگار سکیموں کیرم کشی، باغبانی، پولٹری، دودہ ، شہید صنعت پر خصوصی توجہ دیں شہاب الحق بٹ نے اپنی حکومت کی طرف سے گذشتہ تین برسوں میں تعلیم ، صحت،سڑک، بجلی، پانی کے شعبوں میں کی جانے والی کارکردگی پر بھی روشنی ڈالی انہوں نے کہا کہ وہ شعبہ تعلیم کے معاملہ میں کسی کو بھی کھلواڑ کی اجازت نہ دیں گے نہ ہی اس میں کسی طرح کے لحاظ کیا جائے گا اور صرف اور صرف اعلیٰ معیاری و فنی تعلیم ہی ہمارے تمام مسائل کا حل ہے اور تعمیر ترقی کا ذریعہ ہے اور میرا سیاست میں آنے کا مقصد بھی تعلیم کو عام کر کے قوم کی فلاح و بہبود ی ہے انہوں نے لوگوں کو خاص کر لڑکیوں کی تعلیم پر خاص توجہ دینے کی اپیل کی ۔ اس دورہ میں شیخ طارق حسین، یوتھ لیڈر راشد حسین زرگر،بلاک پریذ یڈنٹ غلام محمد وغیرہ شامل تھے۔
سروڑی کا اظہار تعزیت
کشتواڑ//ریاستی کانگریس کے نائب صدر اور ممبر اسمبلی اندروال غلام محمد سروڑی نے جموں و کشمیر پولیس کانسٹبیل سیف علی رہائشی ببمو علاقہ بٹاس جس کی موت ایک کار حادثہ میں ہو گئی تھی اس کی موت پر افسوس کرتے ہوئے ان کے ساتھ اظہار تعزیت کیا۔ اس کے علاوہ سروڑی نے علاقہ میں ہونے والے دیگر اموات جن میں محمد حنیف ماگرے ، مشتاق احمد ماگرے ، محمد رمضان وغیرہ کی موت پر اظہارتعزیت کرتے ہوئے ان کے لواحقین کے ساتھ بھی اظہار ہمدردی کیا ۔ انہوںان کے حق میںدعائے مغفرت کرتے ہوئے باری تعالیٰ سے دعا کہ مالک ان کو جنت میں جگہ عنایت فر مائے ۔ اور ان کے لواحقین کو یہ صدمہ برادشت کرنے بھی دُعا کی ۔ ان کے علاوہ کانگریس کے دیگر ممبران و لیڈران نے سیف علی خان ، محمد حنیف ماگرے اور محمد رمضان کی موت پر اظہار تعزیت کیا ۔
کھڑی میں زہر خورانی
ایم ایم پرویز
رام بن //نواحی علاقہ کمبلا تحصیل کھڑی میں زہر خورانی کا واقعہ پیش آیا ہے تاہم متاثرہ شخص کی حالت مستحکم بنی ہوئی ہے ۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ 17سالہ تنویر احمد ولد نذیر احمد ساکن کمبلا تحصیل کھڑی ضلع رام بن نے کوئی زہریلی شہ نگل لی، جب گھر والوں کو پتہ چلا تو اسے فوری طور پر سب ضلع ہسپتال بانہال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اس کا معدہ وغیرہ صاف کر کے اسے علاج دیا ہے ۔سر دست زہر خوردنی کی وجوہات کا خلاصہ نہیں ہو سکا ہے ۔
خطہ چناب میں دھواں دار بارش سے لوگوں کو راحت
کسانوں کے چہرے کھلے، شاہراہ پر معمول کا ٹریفک جاری
اقبال بٹ +محمد تسکین
کشتواڑ+بانہال // منگل کی صبح وادی چناب کے تینوں اضلاع، رام بن ، کشتواڑ اور ڈوڈہ میں زور دار بارش ہوئی جس سے قریب ایک ہفتہ کی خشک سالی کا زور ٹوٹ گیا اور لوگوں نے راحت محسوس کی ۔ تاہم اس بارش کی وجہ سے کئی مقامات پر سڑکیں زیر آب آگئیں اور لوگوں کو عبور و مرور میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تاہم اہم شاہراہوں پر گاڑیوں کی آمد و رفت بلا خلل جاری رہی۔ قابل ذکر ہے کہ پچھلے ایک ہفتہ کے دوران پڑنے والی گرمی سے کشتواڑ جیسے پہاڑی علاقہ میں درجہ حرارت 28ڈگری سیلسس کو چھو گیا تھا تاہم آج ہونے والی بارش سے اس میں کمی ہوگی۔ زرعی ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ بارش کھیتی باڑی کے لئے بھی نیک فعال ہے ۔ ادھر ضلع رام بن کے علاقوں میں ہوئی بارش گویا عام لوگوں کیلئے راحت لے کر آئی ہے اور گرد اور دھواں آلود فضا صاف ہوگئی ہے۔ خشک موسم کی وجہ سے جنگلوں میں لگنے والی آگ کی وجہ سے فضا دھواں دھواں تھی اور زمیندار بھی سخت پریشان تھے۔ منگل کی صبح سے ہی بانہال کے علاوہ رام بن کے علاقوں میں بھی موسلادار بارشوں کا سلسلہ چند گھنٹوں تک جاری رہا اور بعد میں بعد دو پہر موسم بہتر ہوگیا، تاہم عام لوگ اور زمیندار رحمت باراں سے خوشی اور راحت محسوس کر رہے ہیں۔ اس دوران بانہال کے اوپری پہاڑوں پر اج دوپہر ہلکی ہلکی برفباری بھی ہوئی۔ بارشوں کے باوجود جموں سرینگر شاہراہ پر گاڑیوں کی امدورفت بغیر کسی خلل کے جاری رہی اور منگل کے روز جموں سے سرینگر کی طرف ٹریفک کو چلنے کی اجازت تھی۔ وادی کشمیر میں ہڑتال اور حالات کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے شاہراہ پر معمول کے مقابلے میں کم ہی گاڑیاں سڑکوں پر نکلیں۔