بانہال// وادیٔ نیل اور بانہال کے درمیان چل رہی مسافر گاڑیوں میں اور لوڈنگ ایک معمول بن گیا ہے .حد تو یہ ہے کہ میٹاڈوروں ، ٹاٹا سوموگاڑیوںاور بسوں کے اندر تو اور لوڈ ہوتا ہی تھا مگر اب ان گاڑیوں کی چھتوں پر بھی سواریوں کو چڑھایا جاتا ہے۔اس سلسلے میں علاقہ نیل کی یہ تصویر ٹریفک نظام کی عکاسی کر رہی ہے۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ خوش قسمتی ہے کہ وہ صحیح سلامت اپنے گھروں کو واپس آجاتے ہیں ۔ حد تو یہ ہے کہ اور لوڈنگ کا یہ عمل پولیس اہلکاروں کے سامنے ہوتا ہے مگر وہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کردنے والوں کے خلاف کوئی کاروائی عمل میں نہیں لاتے ہیں ۔ان کاکہناہے کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جانی چاہئے تھی مگر ایسا نہیں کیا جاتا ۔مقامی لوگوںنے کہاکہ اگر کوئی سڑک حادثہ پیش آجائے تو اس وقت ٹریفک اہلکاروں کی نیند کھلتی ہے پھر خوب ڈھنڈورہ پیٹا جاتا ہے کہ ٹریفک کی خلاف ورزیوں کو برداشت نہیں کیا جائے اور اگر کوئی جانی نقصان ہو جاتا ہے تو لیڈروں کی جانب سے افسوس کے پیغامات کا تانتا بندھ جاتاہے ۔انہوںنے کہاکہ ٹریفک نظام کو اس علاقہ میں فوری طور پر درست کیا جائے تاکہ لوگوں کی جانوں کو تحفظ مل سکے۔