واشنگٹن//امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اتحادی کے ساتھ مل کر شام میں کیے گئے حملے کو کامیاب کارروائی قرار دے دیا جبکہ اس حملے کے بعد روس اور اس کے اتحادی کے ساتھ سرد جنگ میں اضافہ ہوگیا ہے۔روس کی درخواست پر اس حوالے سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس بھی بلالیا گیا ہے جبکہ امریکی اتحادی برطانیہ اور فرانس سمیت دیگر ممالک نے اس کارروائی کو شام کے علاقے میں باغیوں کے آخری قلعے دوما میں کیے گئے مبینہ کیمیائی حملے کا جواب قرار دیا۔پینٹاگون کے اعلیٰ عہدیدار لیفٹننٹ جنرل کینتھ میکینزی کا کہنا تھا کہ حملے شام کے برسوں سے جاری کیمیائی ہتھیاروں کے منصوبوں اس حملے کے باعث نقصان ہوگا۔امریکی صدر نے ٹویٹر میں اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 'گزشتہ شب ایک مکمل کارروائی کی گئی، فرانس اور برطانیہ کو ان کی دانشمندی اور ان کی بہترین فوجی طاقت پر شکریہ ادا کرتا ہوں'۔پینٹاگون کے ترجمان ڈانا وائٹ نے صحافیوں کو بتایا تھا کہ 'ہم نے کامیابی سے ہر ہدف کو نشانہ بنایا'۔خیال رہے کہ شام کے بشارالاسد اور ان کے اتحادی روس دونوں نے دوما میں کیمیائی حملے کی تردید کی تھی جبکہ روس کی جانب سے مغربی اتحادیوں کو 'جارحانہ کارروائی' پر تنقید کا نشانہ بنایا تھا لیکن تاحال فوجی ذریعے سے کوئی جواب نہیں دیا گیا۔