پونچھ //پونچھ راولاکوٹ آر پار تجارت کے تاجروں کی تنظیم پو راولاکوٹ ٹریڈ ایسوسی ایشن چکاں دا باغ کی جانب سے بال آشرم پونچھ میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ محمد اعجاز اسد مہمان خصوصی کی حیثیت سے شریک ہوئے۔ اس دوران آشرم کے یتیم بچوں میں ضروری اشیاء تقسیم کی گئیں۔ایسوسی ایشن کے صدر عبدالرزاق خاکی، امتیاز سلاریہ اورنیشو گپتا نے کہا کہ کہ ان کی تنظیم کی ایک ٹیم نے یہاں کا حال ہی میں دورہ کیاجس دوران انہیں محسوس ہوا کہ بچوں کو بستروں کی کمی ہے جس کے بعد انہوں نے فیصلہ کیا کہ بچوں کے لئے گدے فراہم کئے جائیں۔ انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے آشرم میں مزید عمارت تعمیر کرنے کا مطالبہ کیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ نے ایسوسی ایشن کے کو رمضان المبارک کے مقدس مہینے کے دوران یتیموں کی مدد کے لئے مبارک باد پیش کی اور کہا کہ دوسری تنظیموں کو بھی آگے آکر ضرورتمندوں کی مدد کرنی چاہئے ۔ ضلع مجسٹریٹ نے یقین دہانی کرائی کہ وہ اس یتیم خانے میں بہتر سہولیات اور بنیادی ڈھانچہ فراہم کریںگے ۔ اس موقعہ پر نسیم النساء ڈسٹرکٹ سوشل ویلفیئر آفیسر، محمد اعظم، نشانت گپتا، آمین مگری ،شہزاد نائیک، سنجیو کمار اور ہردیو سنگھ بھی موجودتھے۔