سرنکوٹ//ڈپٹی کمشنر پونچھ محمد اعجاز اسد کی ہدایت پر ایس ڈی ایم سرنکوٹ و محکمہ مال کے افسران نے گورنمنٹ بوائز ہائراسکینڈری سکول سرنکوٹ و اس کے کھیل کود میدان کی اراضی پر قبضہ کا معاملہ فو ج کے ساتھ اٹھاتے ہوئے اس بات کی ہدایت دی کہ آئندہ سنیچر وار تک سارا ریکارڈ پیش کیاجائے ۔ایس ڈی ایم نے کہاکہ تمام ریکارڈ پیش کیاجائے تاکہ اس پیچیدہ معاملے اور متنازعہ رقبہ کی نشاندہی کر کے اس کاٹھوس حل نکالا جا سکے تا کہ بچے آزادانہ طور پر اسکول کی حدود میں گھوم پھر سکیں۔واضح رہے کہ یہ معاملہ سرنکوٹ کے لوگوں کی طرف سے وزیر اعلیٰ کے سامنے ان کے دورہ ٔپونچھ کے دوران اٹھایاگیاجس کے بعد گزشتہ دنوں ڈپٹی کمشنر پونچھ نے فوج اور متعلقین کے ساتھ ایک میٹنگ کرکے زمین کی نشاندہی کرکے اس کا حل کرنے کی ہدایت دی ۔اسی پر عمل پیرا ہوتے ہوئے ایس ڈی ایم سرنکوٹ رشید کوہلی، تحصیلدار شاہد اقبال، نائب تحصیلدار چوہدری عبد الغنی ،گرداور سید غلام رسول ،پٹواری ،سکول کے پرنسپل مختار احمد منہاس و دیگر اساتذہ نے خود جائزہ لیاجس دوران فوج کی طرف سے بھی ایک نمائندہ نے شرکت کی تاہم وہ زمین کا مکمل ریکارڈ پیش کرنے میں ناکام رہے ۔البتہ انہوںنے کہاکہ وہ اگلی دفعہ سارا ریکارڈ پیش کریںگے جس پر ایس ڈی ایم نے ہدایت دی کہ مکمل ریکارڈ آئندہ سنیچر کو پیش کیاجائے ۔رابطہ کرنے پر ایس ڈی ایم نے کشمیرعظمیٰ کوبتایاکہ محکمہ اور فوج کا مشترکہ ریکارڈ مل گیاہے تاہم لیکن فوج کے پاس ریکارڈ بقایاہے جس کو تلاش کرنے کیلئے سنیچر تک کا وقت دیاگیاہے۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ ہائراسکینڈری سکول میں ہی کالج کے طلباء بھی بیٹھتے ہیں جن کو مشکلات کاسامناہے ۔ سکول عملے کے مطابق ہائراسکینڈری اور کالج میں بہت بڑی تعداد میں طلباء زیر تعلیم ہیں جن کوسکول میںآزادانہ طور پر داخل ہونے اور کھیل کود کی سرگرمیاں انجام دینے کی اجازت نہیں ہے ۔