پونچھ//آنگن واڑی کارکنان کا احتجاج مسلسل جاری ہے ۔ پونچھ میں یہ احتجاج 27فروروی سے شروع ہوا تھا جو کئی ماہ بعد بھی جاری ہے۔اس دوران احتجاج میں مزید شدت لاتے ہوئے آنگن واڑی کارکنوں اور ہیلپروں نے فوارہ گارڈن پونچھ میں کام چھوڑ ہڑتال اور دھرنا دیا اور ریلی نکال کر اپنے مطالبات پورے کرنے کا مطالبہ دہرایا۔اس احتجاج کے دوران سینکڑوں آنگن واڑی کا رکنوں اور آنگن واڑی ہیلپروں نے ایک ریلی نکالی جو اور ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ کے دفتر کے سامنے کی سڑک پر گاڑیوں کی آمدورفت بند کر دی جس کی وجہ سے وہاں سے گزرنے والے پیدل اور گاڑیوں نے مسافروں کو کئی گھنٹے تک پریشان ہونا پڑا۔اس موقعہ پر مقررین نے ایک بار پھر ماہوار تنخواہوں میں اضافہ کرنے کے ساتھ ساتھ تمام کارکنوں اور ہیلپروں کو مستقل کرنے کا مطالبہ کیا۔انہوں نے کہا کہ وہ لگاتار تین ماہ سے دھرنے اور کام چھوڑ ہڑتال پر ہیں لیکن ابھی تک حکومت کی جانب سے ان کے حق میں ایک بھی فیصلہ نہیں کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ خواتین کو مجبور کیا گیا کہ وہ اپنے حق کے لئے گھر بار چھوڑ کر سڑکوں پر اتر آئیں۔انہوں نے کہا کہ ان کے مطالبات جائز ہیںجن کو سرکار کو مان لینا چاہئے۔یہ سلسلہ کافی دیر تک جاری رہا جس کے بعد تحصیلدار حویلی وہاں پہنچے اور ان کی یقین دہانی پر آنگن واڑی کارکنان نے سڑک پر گاڑیوں کی آمدورفت بحال کی۔انہوں نے کہا کہ ان کی کام چھوڑ ہڑتال تب تک جاری رہے گی جب تک ان کے مطالبات پورے نہیں کئے جاتے ۔