مینڈھر//ریاست بھر کی طرح مینڈھرمیں بھی آل جموں و کشمیر پٹوار ایسوسی ایشن کی کال پر پٹواری ہڑتال پر ہیںاورانہوںنے پچھلے کئی دنوںسے کام بند کررکھاہے جس سے عام لوگ متاثر ہورہے ہیں۔پٹواریوں کی تنظیم کے صدر کاکہناہے کہ حکومت نے ان کے جائز مطالبات کو تسلیم تو کیا ہے مگر اب عمل درآمد نہیں کیاجارہا۔انہوںنے کہا کہ نئے پٹواریوں کے گریڈ،پٹواریوں اور گرداوروں کی ترقی ،نئے پٹوار حلقوں اور گرداور سرکلوں کا قیام ،پٹوار خانوں کی تعمیر اور نجی عمارتوں میں چل رہے دفاتر کا کرایہ ادا کیاجائے ۔انہوںنے نائب تحصیلداروں کی براہ راست بھرتی پر پابندی عائد کرنے اورپٹواریوں اور گرداروں کی تنخواہ میں اضافہ کا مطالبہ بھی کیا۔ دھرنے پر بیٹھے پٹواریوں کا کہنا ہے کہ وہ مطالبات پورے ہونے تک کام پر واپس نہیںلوٹیںگے ۔پٹواریوں کے احتجاج کا سب سے زیادہ اثر عام عوام پر پڑ رہا ہے اور لوگ دن بھر اپنے کام کے لئے تحصیل کا چکر کاٹ کاٹ کر تھک گئے ہیں۔کئی لوگوں نے بات کرتے ہوئے کہا کہ سرکار کو فوری طور پٹواریوں کے مطالبات حل کرنے چاہیے اور ان کی ہڑتال ختم کروائی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ کئی لوگوں کو بچوں کی اسناد بنوانی ہیں لیکن وہ بھی نہیں بن رہی اوروہ چکر کاٹ کاٹ کر تھک چکے ہیں۔