پانی کی قلت پر برہمی کا اظہار
جاوید اقبال
مینڈھر//آل انڈیا کانگریس کمیٹی ممبر و ریاستی سکریٹری پروین سرور خان نے پانی کی قلت پر حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ماہ صیام میں بھی لوگ بوند بوند کو ترساں ہیں۔اپنے ایک پریس بیان میں انہوںنے کہاکہ حکومت فوری طور پرکوئی لائحہ عمل تیار کرکے مینڈھر کو خشک سالی سے متاثر ہ علاقہ قرار دے اورگاڑیوں کا بندوبست کرکے پانی کی سپلائی کی جائے ۔ان کا کہنا تھا کہ اس وقت مینڈھر اسمبلی حلقہ کی یہ حالت ہے کہ چالیس فیصد ہینڈ پمپ ناکارہ پڑے ہیں جن کی مرمت پر متعلقہ محکمہ کے ملازمین کوئی دھیان نہیں دے رہے ۔ انہوں نے محکمہ کی ملازمین کی لاپرواہی سے پانی کی لفٹ سکیمیں بھی ناکام ہوچکی ہیں ۔ان کا کہنا تھا کہ اگر متعلقہ محکمہ کے آفیسران سے بات کی جائے تو ان کا کہنا ہوتا ہے کہ محکمہ میکینکل کے ملازمین کام نہیں کر رہے اور زیادہ سکیمیں ان کی وجہ سے ناکام ہوئی ہیں۔انہوںنے کہاکہ ناکارہ ہینڈ پمپوں اور سکیموں کو کارگر بنایاجائے ۔انہوںنے کہاکہ پانی کی کمی کو پورا کرنے کیلئے بور ویل نکالے جائیں ۔انہوں نے کہاکہ فوری طور پر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے نہیں تو آنے والے دنوں میں پانی کی سپلائی کے حوالے سے شدید مشکلات کاسامناکرناپڑسکتاہے ۔انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ محمد اعجاز اسد سے اپیل کی کہ محکمہ پی ایچ ای کے افسران کی میٹنگ طلب کرکے کوئی لائحہ عمل مرتب کیاجائے ۔
ہائی سکول ٹھنڈی کسی میں پانی کی بوند بھی نہیں
پائپ لائن کو پہلے نقصان پہنچایاگیاپھر پائپیں چوری کرلی گئیں
راجوری //راجوری سے چھ کلو میٹر کی دوری پر واقع گورنمنٹ ہائی سکول ٹھنڈی کسی میں تعینات سینکڑوں طلباء اور عملے کو پینے کا پانی تک دستیاب نہیں کیونکہ ذرائع کے مطابق کچھ مقامی لوگوںنے پہلے سکول کی پائپ لائن کو نقصان پہنچایا اور پھر اسے چرالیا۔ ذرائع نے بتایاکہ سکول میں 350طلبازیر تعلیم ہیں جو مختلف علاقوںسے تعلق رکھتے ہیں جن کیلئے پینے کے پانی کاکوئی بندوبست نہیں ہے ۔ذرائع نے بتایاکہ حال ہی میں ایک مقامی شخص نے ذاتی سڑک کی تعمیر کے دوران پائپ لائن کو نقصان پہنچایا اور پھر بعد میں یہ پائپیں ہی چوری ہوگئیں جس کے باعث طلاب اور عملہ پانی سے محروم ہے ۔سرکاری ذرائع نے بتایاکہ علاقے کے مقامی لوگوںنے واٹر پمپ موٹر کو سکول کے ہینڈ پمپ میں نصب کیاہے اور وہ بھی موٹر کے ذریعہ سکول کو سپلائی فراہم نہیں کررہے ۔ذرائع نے بتایاکہ کئی بار تباہ کی گئی پائپ لائن کی مرمت کی اپیل کی گئی لیکن متعلقہ شخص نے کوئی دھیان نہیں دیا اور سینکڑوں طلباء کو مشکلات کاسامناہے ۔ذرائع کاکہناہے کہ سکول کے ہیڈ ماسٹر نے یہ معاملہ محکمہ پی ایچ ای کے افسران سے بھی اٹھایا جنہوںنے بھی کوئی کارروائی نہیں کی جبکہ محکمہ تعلیم کو بھی اس سلسلے میں مطلع کیاگیاہے ۔رابطہ کرنے پر محکمہ پی ایچ ای کے ایگزیکٹو انجینئر راجوری نثار خان نے بتایاکہ سکول کی پائپ لائن میںسے کچھ پائپیں چوری کرلی گئی ہیں اور نئی پائپیں فراہم کرکے پانی کی سپلائی فراہم کی جائے گی ۔
ڈرائیوروں پر لوٹ کھسوٹ کا الزام
ہر روٹ کامسافر کرایہ مقرر کرنے کی مانگ
جاوید اقبال
مینڈھر//مینڈھر کے لوگوں نے ڈرائیوروں پر لوٹ کھسوٹ کا الزام عائد کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر پونچھ سے اپیل کی ہے کہ کرایہ متعین کیاجائے ۔انہوںنے ٹریفک پولیس اوراے آر ٹی او پونچھ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ان کی طرف سے لگائے جارہے ناکے محض نمائشی ہوتے ہیں اوراس سے ٹریفک کے نظام میں کوئی بھی سدھار نہیں آرہا۔انہوںنے کہاکہ ان کی کوشش چالان کرناہوتی ہے لیکن گاڑی میں سفر کررہے کسی بھی مسافرسے یہ نہیں پوچھاجاتاکہ اس سے کتنا کرایہ وصول کیاجارہاہے ۔انہوںنے کہاکہ ڈرائیور من مرضی کا کرایہ وصول کررہے ہیں اور انہوںنے لوٹ مچارکھی ہے لیکن بدقسمتی سے انہیں پوچھنے والاکوئی نہیں ۔ان کاکہناتھاکہ کسی بھی روٹ کیلئے کرایہ لسٹ چسپاں نہیںہوتی اور پانچ پانچ کلو میٹر کی مسافت کے بھی ڈرائیور بیس سے تیس روپے لے لیتے ہیںجبکہ کئی جگہوں پر دوگنا کرایہ بھی لیاجارہاہے ۔انہوںنے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ زیادہ تر گاڑیاں بغیر کاغذات کے چلتی ہیں جبکہ کئی ڈرائیور وں کے پاس لائسنس بھی نہیں ہوتے ۔ ان کا کہنا تھا کہ مینڈھر میں ہر ایک روٹ کا کرایہ متعین کیاجائے ۔انہوںنے اپیل کی کہ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر مداخلت کرکے ضروری ہدایات جاری کریں ۔
نوجوانوں کی مساجد سے دور ری افسوسناک :مصباحی
نیوز ڈیسک
پونچھ//ماہِ رمضان اُمتِ مُسلمہ کے لئے نہایت ہی خیر و برکت والا مہینہ ہے جس میں ہر نیک عمل کا ثواب بڑھا دیا جاتا ہے۔ یہاں تک کہ ایک نفل کا ثواب فرض کے برابر اور ایک فرض کا ستّر فرض کے برابر کر دیا جاتا ہے۔ ماہ صیام کے استقبال میں رّب العزت اپنی جنت کو فرشتوں سے سارا سال آراستہ کرواتا ہے اور جنت اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں یہ دُعا کرتی ہے کہ میرے اندر روزہ داروں کومحل عطا فرما۔ حورانِ بہشت ربّ ِ قدیر کی بارگاہ میں دُعائیں کرتی ہیں کہ روزے داروں کو ہمارا شوہر بنا۔ اِن خیالات کا اظہار خطیب پونچھ مولانا مفتی فاروق حُسین مصباحی کے دوران کر رہے تھے۔یہاں جاری بیان کے مطابق اُنہوں نے حدیثِ مبارکہ کے حوالے سے بتایا کہ اس ماہ کے فیوض و برکات سے وہی مستفید ہوتا ہے کہ جو فسق و فجور سے محفوظ رہے اور نشہ آور چیزوں کا استعمال ہر گز نہ کرے۔ مولانا نے اپنی قوم کو غفلت کی نیند سے جاگنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ اللہ تعالیٰ کی پکڑ سے خود کو محفوظ کرنا چاہتے ہیں تو وہ خانہ خدا کا رُخ کریں۔ اُنہوں نے کہا کہ یہ نہایت افسوس کا مقام ہے کہ اب بھی ہمارے نوجوانوں کی ایک بہت بڑی تعداد مساجد سے دُور ہے جس کا بُنیادی سبب دین سے دُوری اور نظامِ تعلیم کا ناقص ہونا ہے۔ موصوف نے کہا کہ اس تمام تر تباہی کے مکمل ذمہ دار از خود ہم ہیں کیوں کہ نہ ہی نظام ِ تعلیم ہمارے ہاتھوں میں ہے اور نہ ہی ہم نے اُسے اپنے ہاتھوں میں لینے کی کوئی سنجیدہ کو شش کی ہے۔ مولانا نے کہا کہ اس لئے یہ ہمارہ ذمہ داری ہے کہ ہم قدیم نافع اور جدید صالح کا مرقع نظامِ تعلیم نافذ کر کے ان تمام خرابیوں کا سد باب کریں۔ اُنہوں نے کہا کہ مدارسِ اسلامیہ کی تجدید کاری کی بھی اشد ضرورت ہے۔
انتظامیہ نے مساجد میں سہولیات کا جائزہ لیا
بختیار حسین
سرنکوٹ//ایس ڈی ایم سرنکوٹ رشید احمد کوہلی نے سرنکوٹ قصبہ کی مختلف مساجد کا دورہ کرکے پانی ،بجلی اور دیگر سہولیات کا جائزہ لیا ۔اس موقعہ پر انہوں نے متعلقہ محکمہ جات کو اس بات کی ہدایت دی کہ مساجد میں ماہ رمضان کے دوران بہترین سے بہترین انتظامات کئے جائیں اور پانی وبجلی اور دیگر سہولیات دستیاب رکھی جائیں تاکہ نمازیوں کو کسی بھی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے مساجد کی انتظامیہ سے بھی ملاقات کی ۔
اراضی تنازعہ پر 4افراد زخمی
بختیار حسین
سرنکوٹ //سرنکوٹ کے ہاڑی بڈھا علاقے میں زمینی تنازعہ پر کم سے کم چار افراد زخمی ہوگئے ہیں ۔پولیس ذرائع کے مطابق ہاڑی بڈھا میں دو خاندانوں کے درمیان زمینی تنازعہ پر لڑائی ہوگئی جس کی وجہ سے چار افراد زخمی ہوئے ہیں ۔اس دوران دونوں فریقین نے ایک دوسرے کے خلاف لاٹھیوں کا استعمال کیا ۔ذرائع نے بتایاکہ زخمیوں کو فوری طور پر سب ضلع ہسپتال سرنکوٹ لایاگیاجہاں ان کا علاج چل رہاہے ۔اس سلسلے میں پولیس نے کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی ہے ۔
آنگن واڑی کا رکنان کا احتجاجی دھرنا جاری
حسین محتشم
پونچھ// اپنے دیرینہ مطالبات پر آنگن واڑی ورکر وہیلپر ایسوسی ایشن کے بینر تلے خواتین ملازمین کی جانب سے احتجاجی مظاہرے جاری ہیں۔جمعہ کو بھی مظاہرین صبح سویرے فوارہ گارڈن میں جمع ہوئیں اور وہاں کافی دیر تک زور دار نعرہ بازی کی اورپھر دھرنادیا۔اس موقعہ مقررین نے آنگن واڑی کارکنوں اور ہیلپروںکے مسائل کو اجاگر کیا اور انہیں درپیش مشکلات بیان کئے۔انہوں نے آنگن واڑی ورکروں اور ہیلپروں کی ماہوار تنخواہوں میں اضافے اوردیگر مطالبات پورے کئے جانے کی مانگ کی ۔انہوں نے کہا کہ حکومتی اہلکاران اوراعلیٰ عہدوں پر براجمان بیروکریٹس ان کا استحصال کر رہے ہیں اوران سے بہت زیادہ کام لیا جاتا ہے مگر اْن کی تنخواہیں ،مشاہرے اور اجرتیں اْنہیں وقت پر نہیں دی جاتی اور نہ ہی دیگر جائز مطالبات بھی پورے کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آنگن واڑی میں ہزاروں ورکرس اور ہیلپرس کی مستقلی کے لئے مناسب پالیسی ترتیب نہیں دے جارہی رہی ہے جس وجہ سے وہ اپنے مستقبل سے متعلق طرح طرح کے خدشات میں مبتلاء ہیں اور مختلف قسم کی ذہنی بیماریوں میں مبتلاء ہو رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں بہت کم تنخواہیں دی جا رہی ہیں اور اس کے لئے بھی انہیں کئی کئی ماہ تک انتظار کرنا پڑتا ہے ۔ان کاکہناتھاکہ اْن کے اہل و عیال کو سخت مشکلات اور پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور اْن کے گھروں میں فاقہ کشی تک نوبت پہنچ چکی ہے۔ان کاکہناتھا کہ اگر حکومت اپنے اسی رویہ پر قائم رہی تو وہ دن دور نہیں جب عوام انہیں کرسیوں سے کھینچ کھینچ کر نیچے اتار دیں گے۔ انہوںنے کہاکہ ان کا یہ احتجاج مطالبات پورے ہونے تک جاری رہے گا۔
پونچھ میں شیعہ فیڈریشن کا اجلاس
وزیر اعلیٰ کے خلاف نازیبا کلمات کی مذمت
پونچھ//شیعہ فیڈریشن کے نائب صدر محمد بشیر میر کی قیادت میں ایک اجلاس منعقد کیا گیا ۔اس موقعہ پر بی جے پی لیڈر لال سنگھ کے بھائی کی جانب سے ریاست کی وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی کے خلاف نازیبا الفاظ کا استعمال کر نے پر سخت مذمت کی گئی ۔مقررین نے کہا کہ محبوبہ مفتی ریاست جموں و کشمیر کی بیٹی ہے جس کے خلاف نازیبا الفاظ کا استعمال ناقابل برداشت ہے ۔انہوں نے کہا کہ سابق وزیر لال سنگھ کے بھائی کو سوشل میڈیا میں گردش کررہی ویڈیو میں دیکھاجاسکتاہے کہ وہ گاڑی پر بیٹھ کر ریلی کے دوران کس طرح سے وزیراعلیٰ کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کررہا ہے اور ریلی کے شرکاء تالیاں بجارہے ہیں۔اپنے خطاب میں محمد بشیر میر نے بی جے پی لیڈر کے بھائی کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کی سراہنا کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کو ایسے شخص کے خلاف سخت سے سخت قانونی کارروائی کرنی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ محبوبہ مفتی ایک خاتون ہیں جن کے خلاف نازیبا الفاظ کا استعمال ناقابل برداشت ہے اور پولیس کو اس سلسلے میں ملزم کے خلاف سخت کارروائی کرناہوگی ۔ اجلاس میںشبیر حسین ڈار، ماسٹر انور حسین ونتو،غلام محمد میر،امتیاز علی میر،عارف حسین میر اور مسجد اہلبیت انتظامیہ کمیٹی کے تمام ممبران موجود تھے۔
جون میں 25میگا کیمپ لگائے جائیںگے
ڈپٹی کمشنر راجوری کی طرف سے سرکولر جاری
راجوری //ضلع انتظامیہ راجوری نے پبلک سروس گارنٹی ایکٹ 2011کے تحت عوام کو خدمات فراہم کرنے کی غر ض سے جون کے مہینے میں ضلع بھر میں پچیس میگا کیمپ لگانے کا فیصلہ لیاہے ۔ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری ڈاکٹر شاہد اقبال چوہدری کی طرف سے جاری سرکولر کے مطابق ان میں سے پانچ کیمپ راجوری میں اے سی آر عبدالقیوم میر ، چار کیمپ نوشہرہ میں اے ڈی سی نوشہرہ سچن دیو سنگھ کی قیادت میں ،چار کیمپ اے ڈی سی سندر بنی گرمکھ سنگھ ، چار کیمپ اے ڈی سی کوٹرنکہ شفیق احمد کی قیادت اور اتنے ہی کیمپ اے ڈی سی کالاکوٹ خالد حسین کی قیادت میں جبکہ چار کیمپ تھنہ منڈی میں لگائے جائیںگے جن کی قیادت ایس ڈی ایم تھنہ منڈی افضل مرزا کریںگے ۔راجوری میں یہ کیمپ بیجی ، سسل کوٹ ، گھمبیر مغلاں، ڈھانگری اور گورنمنٹ ہائی سکول ڈداج میں بالترتیب دو ، پانچ ، سات بارہ اور ستائیس جون کو ہوںگے جبکہ تھنہ منڈی میںشاہدرہ شریف ، کھنیالکوٹ ، بھٹیاں اور نیروجال میں آٹھ ،انیس ،چوبیس اور تیس جون کو کیمپ لگیںگے ۔ اسی طرح سے سندر بنی میں کانگری ، پتراڑہ ، سیوٹ اور ٹھنڈاپانی میں ایک ، چودہ بائیس اور انتیس جون کو جبکہ نوشہرہ میں نوشہرہ ، پنچایت گھر قلعہ درہال ، پنچایت گھر لمیڑی اور پنچایت گھر بھوانی میں بالترتیب سات ، بارہ ، انیس اور چھبیس جون کو کیمپ منعقد کئے جائیںگے ۔وہیں کالاکوٹ میں تھنہ ہاڑی چھما، بتھیرا،بانڈی گائلہ تریرو میں بائیس ، چھبیس ، انتیس اور تیس جون کو کیمپ ہوںگے جبکہ کوٹرنکہ میں کوٹرنکہ ،پیڑی ، خواس اور کھاہ میں سات ، انیس ،چھبیس جون اور چار جولائی کو کیمپوں کا اہتمام کیاجائے گا۔
واٹر کولر ٹھیک کروانے پر اظہار تشکر
بختیار حسین
سرنکوٹ//پولیس اسٹیشن سرنکوٹ کے باہر ضلع پولیس کی جانب سے نصب کیا گیا واٹر کولر خراب ہوگیاتھا جس کو ایس ایچ او سرنکوٹ نے ٹھیک کرواکے قابل استعمال بنادیاہے۔اس سے مقامی لوگوں کو پانی کی کافی سہولت فراہم ہورہی تھی تاہم یہ کافی عرصہ سے خراب تھاجس کو ایس ایچ او سرنکوٹ انظر میر نے ٹھیک کروادیا۔ یہ اقدام ماہ رمضان میں کیاگیاہے جس پر مقامی لوگوںنے ایس ایچ او کی سراہنا کرتے ہوئے ان کاشکریہ اداکیاہے ۔
Contents
پانی کی قلت پر برہمی کا اظہارہائی سکول ٹھنڈی کسی میں پانی کی بوند بھی نہیںپائپ لائن کو پہلے نقصان پہنچایاگیاپھر پائپیں چوری کرلی گئیںڈرائیوروں پر لوٹ کھسوٹ کا الزامہر روٹ کامسافر کرایہ مقرر کرنے کی مانگ نوجوانوں کی مساجد سے دور ری افسوسناک :مصباحی انتظامیہ نے مساجد میں سہولیات کا جائزہ لیااراضی تنازعہ پر 4افراد زخمی آنگن واڑی کا رکنان کا احتجاجی دھرنا جاریپونچھ میں شیعہ فیڈریشن کا اجلاس وزیر اعلیٰ کے خلاف نازیبا کلمات کی مذمت جون میں 25میگا کیمپ لگائے جائیںگے ڈپٹی کمشنر راجوری کی طرف سے سرکولر جاری واٹر کولر ٹھیک کروانے پر اظہار تشکر