تحقیقاتی رپورٹ سی ای او کو روانہ
بانہال // تحصیل و تعلیمی زون رام بن کے دھندراٹھ علاقے میں پرائمری سکول نوتن میں اساتذہ کی غیر حاضری کے خلاف مقامی لوگوں نے احتجاجی مظاہرے کئے ہیں۔ دو مہینے سے ایک ٹیچر کی مسلسل غیر حاضری اور دوسرے ٹیچر کی من مرضی سے دی جانیو الی ڈیوٹی کا سنجیدہ نوٹس لیتے ہوئے زونل ایجوکیشن افسر رام بن نے معاملہ کی انکوائری کی ہے اور انچارج ہیڈماسٹر ہائی سکول سالی نے معاملہ کی تحقیقاتی رپورٹ زونل ایجوکیشن افسر کو سونپ دی ہے۔ مقامی لوگوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ پرائمری سکول نوتن موضع دھندراٹھ تعلیمی زون رام بن میں دو ٹیچر تعینات ہیں لیکن یہاں تعینات ایک ٹیچر چمیل سنگھ گزشتہ دو مہینے سے اپنی ڈیوٹی سے غیر حاضر ہے جبکہ دوسرا ٹیچر عبید احمد ہفتے میں دو بار گیارہ بجے سے بارہ بجے تک سکول آتا ہے جس کی وجہ سے پرائمری سکول نوتن میں تعلمی اور مڈ ڈے میلز کی سرگرمیاں متاثر ہو کر رہ گئی ہیں۔ سابق سرپنچ حاجی محمد یوسف نے بتایا کہ یہ سکول گوجر بکروالوں کی بستی کیلئے 2004 میں قائم کیا گیا ہے لیکن اس سکول کے بچے اردو کے حروف تہجی سے ابھی تک واقف نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سکول کے بند رکھنے کا معاملہ چیف ایجوکیشن افسر اور زونل ایجوکیشن افسر کے علاوہ ڈپٹی کمشنر رام بن کی نوٹس میں لایا لیکن دو مہینے سے غیر حاضر ٹیچر کے بارے میں کوئی کارروائی نہیں کی جا سکی ہے۔ عوامی احتجاجی مظاہروں کے بعد زونل ایجوکیشن افسر رام بن کے حکم پر نزدیکی ہائی سکول سالی ، رام بن کے انچارج ہیڈماسٹر بچہیتر سنگھ کو پرائمری سکول نوتن میں دو مہینے سے غیر حاضر ٹیچر چمیل سنگھ اور ماسٹرعبید احمد کی اپنے فرض سے غفلت کی جانچ کیلئے تحقیقات کا افسر مقرر کیا گیا ہے اور انہوں نے اپنی رپورٹ زونل ایجوکیشن افسر رام بن کو پیش کی ہے جہاں سے یہ رپورٹ چیف ایجوکیشن افسر رام بن کو روانہ کی جارہی ہے۔ ذرائع نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ زونل ایجوکیشن افسر رام بن ہربنس لعل نے پرائمری سکول نوتن میں اس بدنظمی کی انکوائری کیلئے ایک حکم نامہ ZEO/R/18/841/ مورخہ 24 مئی 2018 کو جاری کیا ہے اور اس کی تحقیقات ہائی سکول سالی ، رام بن کے ماسٹر بچہیتر سنگھ کو سونپ دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہیڈماسٹر سالی ، رام بن نے اپنی تفصیلی تحقیقاتی رپورٹ میں کہا ہے کہ انہوں نے اپنے دورے کے دوران سکول کو مقفل پایا اور وہاں تعینات دو میں سے کسی بھی ٹیچر کو موجود نہیں پایا گیا۔ اس تفصیلی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ٹیچر چمیل سنگھ گزشتہ دو ماہ سے سکول سے غیر قانونی طریقے سے غیر حاضر ہے جبکہ ٹیچر عبید احمد ہفتے میں دو بار ہی سکول آتا ہے ۔ انکوائری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سکول کو سرکاری حکم کے مطابق صبح نو بجے سے تین بجے تک کھولنا ہے لیکن پرائمری سکول نوتن میں ایسا کچھ نہیں ہو رہا اور سکول میں تعلیمی اور مڈ ڈے میلز کی سرگرمیاں دو مہینے سے مسلسل متاثر ہیں۔ اس سلسلے میں بات کرنے پر زونل ایجوکیشن افسر رام بن ہربنس لعل ساہنی نے بتایا کہ پرائمری سکول نوتن کی شکایات کو سنجیدگی سے لیا گیا ہے اور ہیڈ ماسٹر سالی ،رام بن کو اس کا تحقیقاتی افسر مقرر کیا گیا ہے اور انہوں نے تفصیلی رپورٹ زونل دفتر کو پیش کی ہے جسے اب کارروائی کیلئے چیف ایجوکیشن افسر رام بن کو روانہ کیا جائے گا۔