سرنکوٹ//نیشنل کانفرنس کے سینئر نائب صدر و سابق وزیر سید مشتاق بخاری نے موجودہ حکومت پر الزام عائد کیاہے کہ وہ تعلیم یافتہ نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کے بجائے ان کا استحصال کررہی ہے ۔ڈاک بنگلہ بفلیاز میں این سی یوتھ کے کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے بخاری نے کہاکہ اس حکومت کو تشکیل پائے چار سال ہونے جارہے ہیںلیکن عوامی مشکلات حل ہونے کے بجائے مزید بڑھ رہی ہیںاورریاست کے سبھی خطوں میں لوگ کسی نہ کسی مشکل کا شکار ہیں۔ان کاکہناتھاکہ کشمیر میں بھی کئی سال سے حالات خراب ہیں اور دوسری طرف جموں صوبہ میں لوگ بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔بخاری نے کہا کہ موجودہ حکومت ریاست کے تینوں خطوں میں مکمل طور پر ناکام نظر آ رہی ہے اور لوگ گوناں گوں مسائل کا شکار ہیں لیکن ان کی طرف بالکل توجہ نہیں دی جارہی اور عوام کی توجہ غیر ضروری مسائل کی طرف لیجائی جارہی ہے۔ان کاکہناتھاکہ حکومت کی کارکردگی کا اندازہ اس بات سے بھی محسوس کیاجا سکتا ہے کہ ریاست میںاس کی موجودگی کا بھی احساس نہیں ہوتا کہ سرکار ہے بھی یا نہیں۔بخاری نے کہاکہ خطہ پیر پنجال کے عوام کوحالات کے رحم وکرم پر ہی چھوڑ دیاگیا ہے ،یہاں بنیادی سہولیات فراہم نہیںاور لوگ ماہ صیام میں بھی بجلی و پانی کی خاطر احتجاج کررہے ہیں۔انہوںنے کہا کہ سرنکوٹ اسمبلی حلقہ کے مختلف علاقوں میں بجلی کے کھمبے سرے سے ہی نہیںجہاں فوری طور پر یہ کھمبے فراہم کئے جائیںاور ترسیلی لائنوں کے نظام کو بھی بہتر بنایاجائے ۔اس موقعہ پر انہوںنے یوتھ نیشنل کانفرنس بلاک بفلیاز کی باڈی کا اعلان کیا۔معروف خان کو بلاک یوتھ صدر بفلیاز بنایا گیاہے ۔اجلاس سے پارٹی لیڈر حمید رانا،یوتھ صوبائی نائب صدرشیرازاحمد ملک، طاہر مرزا، سکندرنورانی، مختار زرگر وغیرہ نے بھی خطاب کیا اور نئے عہدیداروں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے پارٹی کو بنیادی سطح پر مضبوط بنانے پر زور دیا۔