بانہال // صوبہ جموں کے باقی علاقوں کی طرح ضلع رام بن میں بھی اپنی مانگو ں کو لے کر پٹواریوں کی ہڑتال منگل کے روز 16ویں روز بھی جاری رہی۔ ہڑتال کی وجہ سے محکمہ مال سے متعلقہ تمام کام کاج ٹھپ ہوکر رہ گیا ہے اورعام لوگوں کو پٹواریوں کی ہڑتال کی وجہ سے محکمہ مال سے متعلقہ روزمرہ کا کاموں کو حل کرنے میں سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ تحصیلدار بانہال کے دفتر کے احاطے میں ہڑتال پر بیٹھے پٹواریوں کا کہنا ہے کہ قومی اور مقامی پروجیکٹوں اور تعمیر وترقی کے ضامن اور انتظامیہ کی ریڑھ کی ہڈی سمجھے جانے والے محکمہ مال کے پٹواریوں کے ساتھ سرکار نے سوتیلی ماں کا سلوک روا رکھا ہے اور ریاستی باڈی کی طرف سے پٹواریوں کے دیرینہ مطالبات کو حل کرنے تک ہڑتال جاری رہے گی۔ پٹوار ایسوسی ایشن بانہال کے لیڈر پرویز احمد وانی نے کہا کہ گریجویٹ پٹواریوں کیلئے 2800 روپئے کی گریڈ ، چار سالوں سے بند محکماتی ترقی ، نئے گرداوار سرکل اور پٹوار خانے قائم کرنے ، نائب تحصیداروں کی براہ راست تعیناتی ،دیگر الاونس اور ذاتی طور ادا کئے جانے والے پٹوار خانوں کیلئے لئے گئے کمروں کے کرایہ وغیرہ کی مانگوں کو عملی جامہ پہنائے جانے تک یہ ہڑتال جاری رہی گی اور ریاستی ایسوسی ایشن کو ضلع رام بن سے بھرپور حمایت جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ بانہال ، کھڑی نیل اور پوگل پرستان کے پٹوار حلقوں میں ابھی تک کوئی پٹوار خانہ قائم نہیں کیا گیا ہے جس کی وجہ سے اہم دستاویزات پر مشتمل ریکارڈ کو سنبھال کر رکھنے کی ذمہ داری یہاں تعینات پٹواریوں کیلئے مشکلات کا باعث بنی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فورلین شاہراہ کی تعمیر ، ریلوے لائین اور دیگر پروجیکٹوں کی عمل اوری میں محکمہ مال اور اسکے پٹواریون کا کلیدی رول رہا ہے اور پٹواریوں کی مدد سے محکمہ مال کے افسروں نے اس ریکارڈ کو بنانے کیلئے دن رات ایک کئے ہیں اور بدلے میں سرکارنے چپی سادھ رکھی ہے۔ انہوں نے سرکار سے مطالبہ کیا ہے کہ پٹواریوں کو درپیش مسائل کا فوری حل نکالا جائے تاکہ روزانہ کی بنیادوں پر ہزاروں لوگوں کو درپیش مشکلات سے بھی نجات مل سکے۔