راجوری//حج و اوقاف، تعلیم اور قبائلی امور کے وزیر ذوالفقار علی نے کہا ہے کہ اعلیٰ اقدار پر مبنی سماج قائم کرنے کے لئے مدارس اور مساجد کو اپنا بھرپور رول ادا کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ صدیوں سے ان اداروں نے بچوں اور پیروکاروں میں اعلیٰ اقدار اور اخلاقیات کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ سماج میں بھائی چارے، امن، اخوت اور وقار کے آفاقی پیغام کو عام کرنے میں بے مثال کام انجام دیا ہے۔ڈاک بنگلہ راجوری میں علمائے دین کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر نے اُن پر زور دیا کہ وہ مساجد اور مدارس کے میناروں کو سماج میں اخلاقی اقدار کو بڑھاوا دینے کے لئے استعمال میں لائیں۔انجمن علمائے اہل سُنت کے بینر تلے اس تقریب میں غلام رسول، عبدالرؤف،، محمد فاروق، عبدالخالق، غلام یٰسین اور غلام محی الدین نے شرکت کی۔علاوہ ازیں اس موقعہ پر ڈی سی راجوری ڈاکٹر شاہد اقبال چوہدری اور دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔اس موقعہ پر وزیر کو مدارس کو درپیش چیلنجوں کے بارے میں جانکاری دی گئی۔ وزیر موصوف نے کہا کہ حکومت وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کی قیادت میں ریاست میں علمائے دین کی خدمات کو تسلیم کر رہی ہے اور یہ کام ان مدارس کو اداراجاتی شکل دینے سے حاصل کیا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر مدرسہ بورڈ کی تشکیل کا عمل شروع کیا گیا ہے۔وزیر نے مزید کہا کہ حکومت ریاست میںاوقاف جائیداد کو تحفظ دینے کے لئے پرعزم ہے اور بحال کی گئی اوقاف جائیداد کو موثر ڈھنگ سے استعمال میں لایا جارہا ہے۔