جموں//خطہ جموں میں شدت کی گرمی میںآنے والے دنوں میںکمی آنے کے امکانات ہیں۔ماہرین موسمیات کاکہناہے کہ آئندہ دودنوں میں کچھ مقامات پرہلکی بارش کے امکانات ہیں جن کے نتیجے میں درجہ حرارت 2سے 3 ڈگری نیچے آسکتاہے۔کشمیرعظمیٰ سے بات کرتے ہوئے نامورموسمیات سائنسدان ،انچارج ایگرومیٹرولوجی ڈیپارٹمنٹ سکاسٹ جموں ڈاکٹر مہندرسنگھ نے کہاکہ خطہ جموں میں کچھ مقامات پر ہلکی سی بارش کے امکانات ہیں ۔گذشتہ کچھ دنوں سے جموں میں گرمی معمول کی مرکری سطح سے زیادہ ہے جس کے نتیجے میں درجہ حرارت بھی معمول سے 5 ڈگری زیادہ ان دنوں میںہواہے۔ڈاکٹرسنگھ نے کہاکہ رواں سیزن میں جموں شہرکازیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 43.5ڈگری سیلسیس رہاجوگرکر41.6ڈگری سیلسیس تک ہوگیاہے۔سنگھ نے کہاکہ کہ جموں شہرمیں رواں سیزن کے دوران کم ازکم درجہ حرارت 29.2ڈگری سیلیس درج کیاگیاہے جوکہ ریاست میں زیادہ گرمی والی دوسری جگہ ہے۔ بیس کیمپ کٹرہ ضلع ریاسی جہاں یاتری ویشنودیوی کے درشنوں کیلئے آتے ہیں میں بھی درجہ حرارت میں کمی ریکارڈکی گئی ہے۔قصبہ میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39.8ڈگری سیلیس اورکم سے کم 25.3 ڈگری سیلیس ،بانہال کازیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36.0 ڈگری سیلیس ،بٹوت کازیادہ سے زیادہ 29ڈگری سیلیس اورمشہور سیاحتی مقام بھدراہ کازیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35ڈگری سیلیس ریکارڈکیاگیاہے۔مہندرسنگھ نے کہاکہ گذشتہ روزبعددوپہر خطہ جموں میں ہلکی پھوہارپڑی تھی لیکن اس سے سرمائی راجدھانی جموں میں گرمی سے لوگوں کوکوئی راحت نہیں ملی۔انہوں نے کہاکہ زیادہ درجہ حرارت کی وجہ سے مسلسل خشک دنوں کاوقفہ اورصاف آسمان ہے۔