پونچھ//سیاحت کے وزیر تصدق مفتی نے ضلع پونچھ کے اپنے دورے کے دوسرے روز ضلع کے مختلف علاقوں میں جاری ترقیاتی پروگراموں کا جائیزہ لیا۔ایم ایل اے شاہ محمد تانترے، ایم ایل سی یش پال شرما، ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ محمد اعجاز، اے ڈی سی، صحت عامہ، تعمیرات عامہ کے ایگزیکٹو انجینئرز اور ضلع انتظامیہ کے اعلیٰ افسران وزیر کے ہمراہ تھے۔وزیر موصوف ضلع کے چار روزہ دورے پر ہیں ۔ انہوں نے مختلف مقامات کا دورہ کیا جن میں برگیڈئیر پریتم سنگھ زنانہ پارک، چلڈرنز پارک، گورنمنٹ گرلز ماڈل ہائیر سکینڈری سکول سرنکوٹ، میٹرنل اینڈ چائلڈ کئیر ہیلتھ وِنگ سرنکوٹ، گورنمنٹ ہائی سکول فضل آباد شاہ ستر اور بابا غلام شاہ بادشاہ سرنکوٹ شامل ہیں۔مختلف سکولوں کے دورے کے دوران وزیر نے طُلاب اور اُساتذہ سے بات چیت کی اور ضلع بھر میں تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے پر زور دیا۔وزیر موصوف نے متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ وہ ضلع کے لوگوں کو تعلیم، طبی نگہداشت کی سہولیات، پینے کے پانی اور دیگر سہولیات بہم کرنے کے اقدامات کریں۔وزیر موصوف سے دورے کے دوران متعدد وفود نے ملاقات کی اور مقامی لوگوں و سیاحت سے وابستہ افراد کو درپیش مسائل سے آگاہی حاصل کی۔وزیر نے اُنہیں یقین دلایا کہ حکومت ان کے جائیز مسائل کو مرحلہ وار طریقے پر حل کرے گی۔