حضرت علی ؑ کی شہادت پرمختلف مقامات پر مجالس اور جلوسوں کا اہتمام
پونچھ//اکیسویں ماہ مبارک کی شب کوشب شہادت حضرت علی علیہ السلام کے طور پر منایا گیا۔اس دوران ضلع پونچھ میں گورسائی ،پونچھ، منڈی، مینڈھر، سرنکوٹ اور دیگر مقامات پرشہادت حضرت امیر المومنین ؑ کے سلسلہ میں ماتمی جلوس نکالے گئے اور مجالس عزا بھی منعقد ہوئیں۔امام بارگاہ پونچھ میںمجلس عزا حسب دستور تلاوت کلام پاک سے شروع کی گئی جس کے بعد حمد و نعت، منقبت و سلام، اور نوحہ کا نذرانہ عاشقان مولائے کائنات نے پیش کیا۔اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے مولانا سجاد حیدر قمی نے کہا کہ انسان اگرمولائے کائنات کی زندگی کا بغور مطالعہ کرے تو اس کی زندگی ہی تبدیل ہوجائے گی۔انہوں نے حضرت علی ؑ کی شہادت ،سخاوت اور انصاف پر مبنی دور خلافت ودیگر پہلوئوں پر روشنی ڈالی۔انہوں نے کہاکہ مولائے کائنات کو اپنی شہادت کا بخوبی علم تھاجس کے باوجود شوق شہادت میںمولا مسجد کوفہ تک پہنچے، وہاں پر پہلے موجود قاتل عبدالرحمن ابن ملجم مسجد کوفہ میں سویاہواتھاجس کومولا نے خود جگایااور نماز پڑھنے کا کہا۔انہوںنے مصائب امام علی ؑ بیان کرتے ہوئے کہاکہ مولاکو جیسے ہی ضربت لگی توامیرالمومینن نے کہاکہ رب کعبہ کی قسم میں کامیاب ہوگیا۔مجلس عزا کے فوراً جلوس تابوت برآمد کیا گیا جس میں عزاداروں نے نوحہ و ماتم کیا۔ جلوس امام بارگاہ سے نکل کر مرکزی جامعہ امامیہ مسجد پونچھ میں اختتام پذیر ہوا۔اس دوران عترت سوسائٹی موہری گورسائی کی جانب سے مکتب امامیہ میں مجلس منعقد کی گئی جس میں مولاناسید سلمان حیدر نے خطاب کیا ۔انجمن جعفریہ سرنکوٹ کی جانب امام بارگاہ سرنکوٹ میں مجلس عزا منعقد کی گئی جہاں مولانا سید ظہر عباس جعفری نے خطاب کیا ۔مدرسہ امام محمد باقر علیہ اسلام گورسائی نالہ میں اعمامل شب قدر انجام دیئے گئے اور مجالس منعقد ہوئی جہاں مولانا سیدمختار حسین جعفری نے خطاب کیا۔ مکتب امامیہ پنیالی میں بھی اعمام شب قدر اور مجالس عزا کا اہتمام کیا گیا۔امام بارگاہ منڈی میں بھی شب بیداری کا اہتمام کیا گیا ۔اس دوران مولانا توقیر الحسن نے خطاب کرتے ہوئے فلسفہ شہادت مولائے کائنات بیان کیا۔مجلس کے آخر پر کشمیری ذاکرین نے مرثیہ خوانی کی ۔
مشتاق بخاری ریاستی سیکریٹری نامزد
این سی کارکنان نے پارٹی قیادت کا شکریہ اداکیا
سرنکوٹ//نیشنل کانفرنس سرپرست اور صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے پارٹی میں نئی نامزدگیوں کااعلان کیاہے ۔فاروق عبداللہ کی طرف سے سابق ریاستی وزیر اور سابق ممبر اسمبلی سرنکوٹ سید مشتاق احمد بخاری کو پارٹی کاریاستی سکریٹری نامزد کیا گیاہے جس پر مقامی کارکنان میں خوشی پائی جارہی ہے۔پارٹی ورکروں اور عہدیداران نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق عبداللہ کا شکریہ ادا کیاہے ۔انہوںنے کہاکہ اس فیصلے سے صرف سرنکوٹ ہی نہیں بلکہ پورے خطہ پیر پنچال میں پارٹی مضبوط ہوگی ۔طارق منہاس، مقصودماگرے ،محمد اشرف ،خواجہ محمد شفیع، بدر ملک ،منظور حسین چاڑک، ماسڑ محمد کامریڈ عبدالمجید، حمید رینجر، حمید رانا،ممتاز بجاڑ، خالد مغل، معشوق خواجہ، مجید بٹ، یٰسین خواجہ، مظفر مغل، عظیم ملک، کبیر دین ملک وغیرہ نے مشتاق بخاری کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے پارٹی ہائی کمان کا شکریہ ادا کیا۔
پٹواریوں کا سیکریٹریٹ گھیرائو کا انتباہ
طارق شال
تھنہ منڈی //تھنہ منڈی میں گزشتہ چوبیس دنوں سے جاری آل جموں و کشمیر پٹوار ایسوسی ایشن کی کام چھوڑ ہڑتال سے جہاں عوام اور سرکاری کام بری طرح متاثر ہوا ہے وہی حکومت کی طرف سے مطالبات پورے نہ ہونے پر پٹواریوںنے اب سیکریٹریٹ گھیرائو کا انتباہ دیاہے ۔پٹوار ایسوسی ایشن تھنہ منڈی کے صدر محمد رفیع خان نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے افسوس کا اظہار کیا اورکہا کہ ایک ماہ سے ریاست بھر میں پٹواری و گرداور ہڑتال پر ہیں لیکن حکومت کو ٹس سے مس نہیں اور ان کی جائز مانگوں پر کوئی توجہ نہیں دی جارہی ۔انہوںنے کہاکہ پٹواریوں کے مطالبات کے تئیں حکومت کا رویہ افسوسناک ہے ۔رفیع کاکہناتھاکہ اگر عید تک انکے مطالبات پورا نہ ہوئے توریاست بھر کے پٹواری و گرداور سرینگر میں جمع ہو کرسیکریٹریٹ کا گھیراؤ کریںگے اور احتجاج میں مزید شدت لائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ اگرچہ پٹواری طبقہ دن رات کام کرتا ہے مگر جب انکے مطالبات اور جائز مانگوں کی حصولیابی کا معاملہ آتا ہے تو ریاستی حکام پیٹھ پھیر لیتے ہیں اور لیت ولعل سے کام لیا جاتا ہے جو انتہائی افسوس ناک اور قابل مذمت ہے۔اس موقعہ پرایاز مرزا،عابد جاوید،ذوالفقار احمد، شفیق احمد،محمد رزاق اور مظفر لون وغیرہ شامل تھے۔
کنبوں کو بھی کھانڈفراہم کرنے کا مطالبہ APL
طارق شال
تھنہ منڈی // تھنہ منڈی کی عوام نے عید سے قبل ایک کلو فی کنبہ کھانڈ فراہم کرنے پر ریاستی وزیر اعلیٰ کی ستائش کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ APL زمرے میں شامل کنبوں کے حق میں عید کے بعد کھانڈ کوٹہ جاری کیاجائے ۔ ریاستی وزیر برائے امور صارفین و عوامی تقسیم کاری محمد اشرف میر نے وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کی ہدایت پر جموں کشمیر کے صارفین کے حق میں عید سے قبل 1کلو کھانڈ فراہم کرنے کا حکم صادر کیاہے۔ تھنہ منڈی کی عوام نے سرکار کے اس حکمنامے کی ستائش کرتے ہوئے کہاکہ APL زمرے میں شامل کنبوں کے حق میں کھانڈ واگزار کی جائے جنہیں گزشتہ کئی ماہ سے نہیں دی گئی ۔
۔18سالہ نوجوان غرقآب
رمیش کیسر
نوشہرہ //نوشہرہ کے ایک نالے میں نہانے کے دوران اٹھارہ سالہ نوجوان غرقآب ہوگیا ۔دانش پرویز ولد باغ حسین ساکن ٹائیں نوشہرہ جو اپنے مویشی چرارہاتھا ،دوپہر کے وقت گرمی کو دیکھتے ہوئے قریب کے نالے میں نہانے لگاجس دوران وہ گہرے پانی میں چلاگیا اور اسے تیرنا بھی نہیں آیا۔ اس دوران اس کے ساتھیوں قریب واقع فوجی یونٹ کو اطلاع دی جس پر فوج کے غوطہ خور وں کی مدد سے اس کی نعش کو باہر نکالاگیا ۔ پولیس نے موقعہ پر پہنچ کر قانونی لوازمات پورے کرنے کے بعد نعش کو آخری رسومات کی ادائیگی کیلئے لواحقین کے سپرد کردیا ہے ۔
غیر معیاری تارکول بچھانے کا الزام
رمیش کیسر
نوشہرہ //نوشہرہ کے گائوں راجپورمیں ٹھیکیدار کی طرف سے سڑک پر بچھائی جارہی تارکول کو غیر معیاری قرار دیتے ہوئے مقامی لوگوںنے احتجاجی مظاہرہ کیا ۔دومیل راجپور سے تھل محلہ راجپور تک محکمہ تعمیرات عامہ کی طرف سے سڑک پر تارکول بچھایاجارہاہے تاہم مقامی لوگوں کا الزام ہے کہ اس کام میں غیر معیاری مواد استعمال ہورہاہے۔مقامی لوگوںنے سابق سرپنچ کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا اور کہاکہ اس کام میں مٹی کا زیادہ استعمال کیاجارہاہے ۔انہوںنے کہاکہ محکمہ ٹھیکیداروں کوکام الاٹ کردیتاہے لیکن اس کی نگرانی نہیں کی جاتی اور ٹھیکیدار من مرضی کے مطابق کام کرتے رہتے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ خزانہ عامرہ کو لوٹاجارہاہے اور معمولی ساتارکول بچھاکر پیسے نکالے جارہے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ اس کام کی تحقیقات کروائی جائے ۔ جب اس سلسلے میں محکمہ تعمیرات عامہ کے ایگزیکٹو انجینئر سے بات کی گئی تو ان کاکہناتھاکہ وہ خود معائنہ کرکے جانچ کریںگے اور اگر غیر معیاری مواد استعمال کیاگیاہوگاتو کارروائی کی جائے گی ۔
آنگن واڑی کارکنان کا احتجاج
پولیس نے ڈاک بنگلہ جانے سے روکا
حسین محتشم
پونچھ //آنگن واڑی کارکنان کا احتجاج لگا تار جاری ہے۔ اس دوران انہوںنے بدھ کے روز فوارہ گارڈن پونچھ سے ایک ریلی نکالی اور جم کر حکومت مخالف نعرے لگا کر اپنے غم و غصہ کا اظہار کیا۔ احتجاجی ریلی ڈاک بنگلہ پونچھ کے سامنے پہنچی جہاں سے مظاہرین نے ضلع ترقیاتی بورڈ میٹنگ کی صدارت کررہے وزیر سیاحت تصدق مفتی سے ملنے کی خواہش ظاہر کی۔اس موقعہ پر پولیس کی جانب سے ان کو ڈاک بنگلہ کے اندر جانے سے روکا گیا لیکن مظاہرین نے وہیں سڑک پر بیٹھ کر دھرنادیا۔احتجاج کو دیکھتے ہوئے محکمہ سماجی بہبود کے ضلع افسر جہانگیر خان و ہاں پہنچے اور انہوں نے مظاہرین کو یقین دلایا کہ ان کے تمام مطالبات پورے کئے جائیں گے تاہم یہ ورکر احتجا ج پر بضد رہیں ۔بعد میں پولیس نے مظاہرہ کررہی ان خواتین ورکر وں پر گاڑی کے ذریعہ پانی چھڑک کر انہیں وہاںسے منتشر کیا ۔
ایک کلو کھانڈ بھدامذاق :کانگریس خاتون لیڈر
مینڈھر //آل انڈیا کانگریس کمیٹی کی رکن پروین سرور خان نے حکومت کے فی کنبہ کو ایک کلو کھانڈ فراہم کرنے کے فیصلے کو بھدامذاق قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ اس کوٹے میں اضافہ کیاجائے اور عید کے موقعہ پر سبھی کو کھانڈ فراہم کی جائے ۔اپنے ایک پریس بیان میں پروین نے کہاکہ یہ ایک بھدا مذا ق ہے کہ کئی ماہ بعد لوگوں کو ایک کلو کھانڈ فراہم کی جارہی ہے اور وہ بھی سبھی کو نہیں ملے گی ۔انہوںنے کہاکہ کھانڈ کا کوٹہ بڑھایاجائے اور ہر ایک کو عید کے موقعہ پر اس کی فراہمی ہونی چاہئے ۔انہوںنے کہاکہ ایسا پہلی بار ہورہاہے کہ حکومت ایک کنبے کو صرف ایک کلو کھانڈ فراہم کررہی ہے جس سے تو ایک دن کا گزارا بھی نہیں ہوسکے گا۔ان کاکہناتھاکہ اگر ایسا کوئی اقدام کرناہی تھا تو پھر لوگوں کے ساتھ مذاق نہیں کیاجاناچاہئے بلکہ انہیں اتنی کھانڈ فراہم کی جائے جس سے ان کی ضرورت پوری ہوسکے ۔
شاہد اقبال نے خشک سالی سے پیدا شدہ صورتحال کا جائزہ لیا
پمپنگ مشینری کیلئے 25لاکھ روپے جاری، 40ٹینکر و ٹرالیوں کی خدمات حاصل
راجوری //ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری ڈاکٹر شاہد اقبال چوہدری نے خشک سالی سے پیدا شدہ صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے متعلقہ محکمہ جات کا ایک اجلاس طلب کیا ۔اس موقعہ پر ڈپٹی کمشنر نے پچیس لاکھ روپے جاری کرتے ہوئے ہدایت دی کہ اس رقم سے پمپنگ مشینری حاصل کی جائے ۔انہوںنے کہاکہ اس میںسے پندرہ لاکھ روپے راجوری جبکہ دس لاکھ روپے نوشہرہ ڈیویژن میں خرچ کئے جائیںگے جس سے پانی کی قلت کا مسئلہ حل ہوسکے گا۔اس موقعہ پر بتایاگیاکہ محکمہ کی طرف سے ضلع میں پچاس سے زائد ہینڈ پمپ نصب کئے گئے ہیں جبکہ مزید ہینڈ پمپوں کی تنصیب عمل میں لائی جائے گی ۔اس دوران ڈپٹی کمشنر نے بارہ ٹینکروں اور چالیس ٹرالیوں کی خدمات حاصل کرنے کو منظوری دی تاکہ ان علاقوں میں پانی کی سپلائی کی جاسکے جہاں سپلائی کاکوئی بندوبست نہیں ۔ان میںسے چار ٹینکر راجوری ڈیویژن جبکہ نو ٹینکر نوشہرہ اور بیس ٹرالیاں بھی نوشہرہ میں کام آئیںگی ۔میٹنگ میں اس بات کا فیصلہ لیاگیاکہ خشک سالی کا موسم ختم ہونے تک محکمہ روزانہ پچیس ہزار لیٹر پانی موبائل ٹینکروں کے ذریعہ فراہم کرے گا۔میٹنگ میں غیر قانونی کنکشنوں پر بھی تبادلہ خیال کیاگیا اور یہ فیصلہ ہواکہ ان کنکشنوں کو ختم کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیںگے ۔ڈپٹی کمشنر نے فیلڈ عملہ کو ہدایت دی کہ وہ عوام کے ساتھ بہتر تال میل رکھیں اور شکایات کا بروقت ازالہ کیاجائے ۔انہوںنے کہاکہ ڈیویژن سطح پر ہیلپ لائن قائم کی جائیں ۔
جاوید مسرت کی قیادت میں میٹنگ
نرسنگ کالجوں کی کارکردگی کا جائزہ لیاگیا
راجوری //باباغلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر جاوید مسرت کی قیادت میں ایک میٹنگ منعقد ہوئی جس میں یونیورسٹی کے زیر نگرانی چل رہے تین نرسنگ کالجوں کی کارکردگی کاجائزہ لیاگیا ۔میٹنگ میں یونیورسٹی اور ان کالجوں کے افسران نے بھی شرکت کی ۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ یونیورسٹی کے تحت راجوری ،جموں اور کشتواڑ میں 2016میں نرسنگ کالجوں کا قیام عمل میں لایاگیا ۔ا س موقعہ پر تینوں کالجوں کی کارکردگی بیان کی گئی ۔اپنے خطاب میں وائس چانسلر نے معیاری اور تحقیقی تعلیم کی فراہمی پر زوردیتے ہوئے کہاکہ بی ایس سی نرسنگ یونیورسٹی کا فلیگ شپ پروگرام ہے جس کا مقصد روزگار کے مواقع پیدا کرناہے ۔انہوںنے عملے کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ ان کالجوں میں بہتری لانے کے مزید اقدامات کئے جائیں۔
پونچھ میں منشیات فروش گرفتار
پونچھ //پونچھ پولیس نے ایک بدنام زمانہ منشیات فرو ش کو منشیات سمیت گرفتار کرنے کادعویٰ کیاہے ۔ایس ایچ او پونچھ ایس پی سنگھ کی قیادت میں ایک ٹیم نے ناکہ لگارکھاتھاجس دوران پولیس کو دیکھ کر سامنے سے آنے والا ایک شخص مشکوک طور پر بھاگنے لگا جس کا تعاقب کرتے ہوئے پولیس نے کچھ دور ی پر اسے دبوچ لیا ۔اس شخص کی پہچان محمد سفیر ولد محمداکبر ساکن اسلام آباد پونچھ کے طور پر ہوئی جس کی تحویل سے تلاشی کرنے پر آٹھ سو گرام چرس برآمد ہوئی ۔اس سلسلے میں پولیس تھانہ پونچھ میں ایف آئی آر زیرنمبر95/18زیر دفعات 8/20کا کیس درج کیاگیاہے ۔یہ کارروائی ایس ایس پی پونچھ کی نگرانی میں انجام دی گئی ۔
لڑکی پانی میں ڈوب کر لقمہ اجل
راجوری //راجوری کے سندر بنی علاقے میں ایک نوجوان لڑکی پانی میں ڈوب کر لقمہ اجل بن گئی۔اس کی شناخت انیس سالہ رینو دیوی دختر شام لعل ساکن سیا کے طور پر ہوئی ہے ۔پولیس کے مطابق یہ لڑکی پانی بھر نے گئی تھی جس دوران وہ پانی میں ہی گر گئی ۔اگرچہ مقامی لوگوں نے اسے پانی سے باہر نکال کر ہسپتال منتقل کیاتاہم ڈاکٹروںنے اس کومردہ قراردیا۔پولیس نے اس سلسلے میں کیس در ج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے ۔