راجوری //راجوری کے چنگس علاقے کے لوگوں نے بنیادی سہولیات کی فراہمی نہ ہونے پر حکام اور ارکان قانون سازیہ کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے چٹیار پل کے مقام پر جموں پونچھ شاہراہ کو گاڑیوں کی آمدورفت کیلئے بند کردیا۔حکومت اور ارکان قانون سازیہ کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے مقامی لوگوں نے الزام لگایاکہ ان کے ساتھ سوتیلا سلوک کیاجارہاہے اور ان کو بنیادی سہولیات تک میسر نہیں ۔ان کاکہناتھاکہ چنگس کے نام کی پولیس چوکی کلر میں ہے جبکہ نائب تحصیلدار دفتربھی کلر میں ہی قائم کیاگیاہے ۔انہوںنے کہاکہ ان کے علاقے کے نام پر آنے والے ترقیاتی پروجیکٹ دوسری جگہوں پر منتقل کردیئے جاتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ ان کے خلاف یہ سب کچھ ایک سازش کے تحت ہورہاہے ۔مظاہرین کاکہناتھاکہ بجلی کا بحران پایاجارہاہے جبکہ دیگر سہولیات بھی دستیاب نہیں۔احتجاج کو دیکھتے ہوئے انچارج پولیس چوکی چنگس سب انسپکٹر فرید احمد موقعہ پر پہنچے اور انہوں نے مطالبات حکام کے نوٹس میں لاکر حل کروانے کا یقین دلایاجس پر مظاہرین متشر ہوئے اور سڑ ک کھول دی گئی ۔