سرینگر //شری امر ناتھ جی برفانی لنگرز آرگنائیزیشن ( ایس اے بی ایل او ) کا ایک وفد وجے ٹھاکر کی قیادت میں آج یہاں راج بھون میں گورنر سے ملاقی ہوا ۔ وفد نے یاترا 2018 کے انتظامات سے متعلق متعدد مشورے پیش کئے ۔ وفد نے خدمت بہم رکھنے والوں اور یاتریوں کی مربوط حفاظت و سلامتی سے متعلق بھی معاملات اٹھائے ۔ گورنر موصوف نے کہا کہ سٹیٹ پولیس اور سراغرساں ایجنسیوں کی رپورٹوں کی بنیاد پر وہ از خود یاترا 2018 کیلئے حفاظتی صورتحال کا جائیزہ لیں گے ۔ گورنر موصوف نے یاترا کو احسن طریقے سے چلانے کیلئے سبھی شراکت داروں کے درمیان قریبی تال میل کی اہمیت کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا ۔ انہوں نے ایس اے بی ایل او کے صدر اور ممبران کو یاترا کیلئے رکھے گئے مخصوص ایریا میں ماحول کے تحفظ اور صفائی ستھرائی کو یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کرنے کی ہدایت دی ۔ انہوں نے لنگر آرگنائیزیشن کو لنگر کے ارد گرد نہ صرف یاترا کے دوران بلکہ یاترا کے بعد بھی صفائی ستھرائی کو بنائے رکھنے کی ہدایت دی ۔ انہوں نے یاترا کے اختتام پر کوڑا کرکٹ اور پلاسٹک مواد کو صحیح طریقے سے ٹھکانے لگانے کیلئے بھی ہدایت دی ۔ گورنر کے پرنسپل سیکرٹری امنگ نرولہ جو کہ شری امر ناتھ جی شرائین بورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر بھی ہیں ، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس سیکورٹی و ایس ڈی آر ایف منیر خان ، شری امر ناتھ جی شرائین بورڈ کے ایڈیشنل چیف ایگزیکٹو آفیسر بوپندر کمار کے علاوہ دیگر متعلقہ افیسران بھی اس موقعہ پر موجود تھے ۔ وفد میں ایس اے بی ایل او کے جنرل سیکرٹری راجن گپتا کے علاوہ دویندر اوپل ، پنکج سونی ، پون سبھو اور ہرش ریشی شامل تھے ۔