جموں//خطہ جموں کی تمام مساجد میں ماہ رمضان المبارک کے پانچویں یعنی آخری جمعہ یعنی جمعتہ الوداع کے موقعہ پرنمازجمعہ کی ادائیگی کیلئے نمازیوں کی کثیرتعدادواردہوئی ۔چونکہ عیدالفطر کی تقریب سعیداب سنیچرکومنائی جارہی ہے توماہ رمضان المبارک کے آخری جمعہ کوپوری ریاست جموں وکشمیرماسوائے خطہ لداخ میں بطورجمعتہ الوداع منایاگیا۔یہاں جموںشہرکی جامع مسجدتالاب کھٹیکاں، جامع مسجدلکھداتابازاری، جامع مسجدگوجرنگر ،جامع مسجدریلوے سٹیشن، جامع مسجداستاد محلہ ، مکہ مسجد بٹھنڈی ، جامع مسجد حیدر پورہ جانی پورہ کے علاوہ شہرکے گردونواح اوردوردرازعلاقوں کی مساجد میں ماہ رمضان کی فضیلت،عالم اسلام کے مسائل اوران کے اسباب کے موضوعات پرعلماء کرام نے خطاب فرمایا۔ نامور علما کرام ومشائخین عظام نے فضیلت شب قدرپر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے نوجوانوں کو اسلامی تعلیمات پر عمل کرنے کی تلقین کی۔علما نے امت مسلمہ کے مسائل اور دین سے دوری کے سبب ہورہی ناکامیوں کا احاطہ کرتے ہوئے اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھام لینے کی تلقین کی ۔ علما نے اسلامی شعائر اور دین کی بنیادی تعلیمات سے ناواقفیت ، بے راہ روی کے بڑھتے ہوئے منفی رحجانات، گھریلو تشدد، منشیات کی وبا اور دین کی آڑ میں بے دینی کو فروغ دینے کی منظم کوششوں پر فکر و تشویش کا اظہار کرتے معاشرہ کی ہمہ جہت اصلاح کیلئے والدین ، اساتذہ ،معزز شہریوں اور سماج کے باشعور افراد سے تعاون طلب کیاتاکہ ہماری نئی نسل کا دینی اورتعلیمی مستقبل روشن اور درخشاں ہو اور ایک اسلامی و فلاحی معاشرہ وجود میں آسکے ۔ علما نے رمضان المبارک کے اس آخری عشرہ میں شب قدر کی اہمیت اور فضیلت پر تفصیلی طور پر عالمانہ طرز و انداز میں تشریح کی۔پولیس کی جانب سے احتیاطی طورپر سیکوریٹی کے وسیع انتظامات کئے گئے تھے ۔شہر جموں کے اہم حساس علاقوں میں مسلح دستے تعینات کئے گئے تھے ۔خیال رہے ممکنہ طورپرعیدالفطرکی تقریب سعید15جون بروزجمعتہ المبار ک کومنائے جانے کے پیش نظرگزشتہ جمعہ کوبھی بطورجمعتہ الوداع منایاگیا،اورگزشتہ جمعہ کوہوئے جمعتہ الوداع کے اجتماعات میںبھاری تعدادمیں فرزندان توحیدنے ان اجتماعات میں شرکت کی تھی۔