مینڈھر//فوجی سربراہ جنرل بپن رائوت نے کل سرحدی ضلع پونچھ کا دورہ کر کے سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا، اس کے علاوہ انہوں نے مہلوک فوجی اورنگزیب کے گھر جاکر پسماندگان کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا۔ ناردن کمانڈکے جی او سی لیفٹنٹ جنرل رنبیر سنگھ اور جی او سی وہائٹ کارپس لیفٹنٹ جنرل سرنجیت سنگھ بھی ان کے ہمراہ تھے۔ اگلی چوکیوں کے معائینہ کے دوران لیفٹنٹ جنرل سرنجیت سنگھ نے فوجی سربراہ کو موجودہ سیکورٹی صورتحال کے بارے میں بتایا اور فوج کی تیاریوں کے بارے میں انہیں آگاہ کیا۔ ما بعد جنرل رائوت مینڈھر سب ڈویژن کے سلانی گائوں گئے اور وہاں رائفل مین اورنگزیب کے اہل خانہ کے ساتھ ملاقات کر کے اپنی تعزیت پیش کی۔انہوں نے مہلوک کے والد کے ساتھ بات کرتے ہوئے فوج کی طرف سے ہر ممکن امداد کا یقین دلایا اور کہا کہ اورنگزیب کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی۔4 جیک لی سے وابستہ اورنگزیب شوپیان میں قائم 44 آر آر کے کیمپ میں تعینات تھا۔ وہ مبینہ طور پر حزب المجاہدین کے کمانڈر سمیر ٹائیگر کو مارنے والے میجر شکلاکا پرسنل گارڈ تھا۔ اورنگزیب کو 14 جون کی صبح اس وقت اغوا کیا گیا تھا جب وہ ایک نجی گاڑی کے ذریعہ شادی مرگ پلوامہ سے شوپیان کی طرف جارہا تھا۔