کشتواڑ//ضلع مجسٹریٹ کشتواڑ انگریز سنگھ رانا کی جانب سے جاری ایک حُکم نامہ میں ضلع کے ’’واہٹس ایپ نیوز گروپوں ‘‘ کو دفتر ہذا کے ساتھ دس دنوں کے اندر اندر اپنی رجسٹریشن کرنے کی ہدایت دی گئی ہے بصورت دیگر انکے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ضلع انتظامیہ نے ایس ایس پی کشتواڑ ابرار چودھری کی رپورٹ پر یہ احکامات جاری کئے ہیں ۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ضلع میں کافی تعداد کے واہٹس ایپ گروپ بعض اوقات پر غلط افواہیں پھیلاتے ہیں اور کسی دوسرے کے ناموں سے جھوٹی خبریں پھیلاتے ہیں،نتیجہ کے طور پر امن و قانون کا مسئلہ بنتا ہے جس سے ضلع انتظامیہ کے لئے پریشانی پیدا ہوتی ہے۔ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کے حُکم میں کہا گیا ہے کہ سوشل میڈیا کے ذریعہ سے اظہار آزادی اہم ہے لیکن ایسا ذمہ واری اور مناسب پابندیوں کے تحت ہونی چاہیے۔حُکم میں فی کس وہٹس ایپ گروپ سے اپنے گروپ کی رجسٹریشن ضلع این آئی سی دفتر کشتواڑ کے ساتھ دس دنوں کے اندر کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔اسکے تحت وہٹس ایپ گروپوں کو حلف نامہ دائر کرنا ہوگا کہ جو کُچھ بھی انکے گروپ کی جانب سے اپلوڈ کیا جائے گا ،اُس کے لئے وہ ذاتی طور ذمہ وار ہونگے۔اس حُکم کی عدولی کرنے والوں کے خلاف متعلقہ دفعہ جات کے تحت قانونی کارروائی کی جا ئے گی ۔