کوٹرنکہ// کوٹرنکہ میں محکمہ گریف کی لاپرواہی کے باعث بارش کا سارا پانی دکانوں کے اندر گھس گیا جس کے نتیجہ میں دکانداروں کا لاکھوں روپے کا نقصان ہواہے۔مقامی دکانداروں نے بتایاکہ بارش کا پانی ان کی دکانوں کے اندر گھس آیاجس سے سامان کی تباہی ہوئی اور انہیںا س پانی کو نکالنے کیلئے پورا دن محنت بھی کرناپڑی۔ان کاکہناہے کہ گریف کی طرف سے انتہائی درجہ کی لاپرواہی برتی جارہی ہے اور کوٹرنکہ سے راجوری جانے والی سڑک پر پچھلے سات آٹھ سال سے کام چلا آرہا ہے جو مکمل ہونے کا نام نہیں لے رہا۔انہوں نے کہاکہ گریف نے اگر کام تیزی سے کیاہوتاتوانہیں آج نقصان سے دوچار نہیں ہوناپڑتا اور نہ ہی نالیوں اور سڑک کاپانی دکانوں میں گھستالیکن گریف کی لاپرواہی کی بدولت انہیں تباہی دیکھناپڑرہی ہے ۔انہوں نے الزام لگایاکہ صاف موسم میں سڑک پر گریف کی طرف سے کوئی کام نہیںکیاجاتاہے لیکن موسم برسات میں تارکول وغیرہ بچھایاجاتاہے جو خزانہ عامرہ کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہے۔انہوں نے کہاکہ آج یہ تباہی ایک کلورٹ بند ہونے کی وجہ سے ہوئی جس کے باعث نالیاں بند ہوگئیں اور سارا پانی دکانوں کے اندر چلاگیا۔ انہوں نے انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ گریف کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے سڑک کے کام میں تیزی لاکر اسے جلد سے جلد پایہ تکمیل تک پہنچایاجائے تاکہ انہیں آئندہ پھر سے اس طرح کی مشکل کاسامنانہ کرناپڑے۔