کوٹرنکہ // سرکاری سکولوں میں تعینات مڈ ڈے میل ورکرحکام کی جانب سے مظالم کاشکا ر ہیں جنہیںایک ہزار روپے ماہانہ مشاہرہ بھی وقت پر نہیں ملتا۔کوٹرنکہ کے سرکاری سکولوں میں کام کررہے ان باورچیوں نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 1996سے انہیں اسکولوں میں بچوں کا کھانا بنانے کے کام پر مامور رکھاگیاہے اور ان کو حکام کی طرف سے ایک ہزار روپے بھی وقت پر نہیں دیئے جارہے ۔انہوں نے دعویٰ کیاکہ دو ہزار روپے مقرر ہوئے تھے لیکن ایک ہی ہزار روپے دیئے جارہے ہیں جو کئی کئی ماہ بعد ملتے ہیں۔انہوں نے گورنر سے اپیل کی کہ ان کے ساتھ انصاف کیاجائے اور کئی سالہ خدمات کو دیکھتے ہوئے مستقل ملازمت دی جائے ۔ انہوں نے کہاکہ انہیں ایک دن کی چھٹی نہیں ملتی اور روزانہ حاضری دیناپڑتی ہے لیکن ان خدمات کے صلے میں ان کے ساتھ حد درجہ ناانصافی کی جارہی ہے ۔اس سلسلے میں ان مڈ ڈے میل ورکروں نے احتجاج بھی کیا اور پھر ان کے ایک وفد نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کوٹرنکہ شفیق احمد چوہدری سے ملاقات کرکے ان کے سامنے اپنے مطالبات پیش کئے۔