جموں // بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے قومی جنرل سکریٹری اور جموں وکشمیر امور کے انچارج رام مادھو 21 جولائی کو جموں کے دو روزہ دورے پر آئیں گے۔ پارٹی ذرائع نے یو این آئی کو یہ اطلاع دیتے ہوئے کہا ’مسٹر مادھو 2019 کے عام انتخابات کے سلسلے میں پارٹی کی طرف سے جموں میں اپنائی جانے والی حکمت عملی کو ترتیب دینے کے حوالے سے ریاستی سطح کے بی جے پی لیڈران کے ساتھ بات چیت کریں گے‘۔ انہوں نے بتایا ’اس کے علاوہ مسٹر مادھو کٹھوعہ اور سانبہ اضلاع کا دورہ کریں گے جہاں وہ ضلع سطح کے بی جے پی لیڈران سے ملاقات کریں گے‘۔ بتادیں کہ یہ دونوں اضلاع ہندو اکثریتی ہیں اور رواں برس جنوری کے اوائل میں پیش آئے دل دہلانے والے آٹھ سالہ کمسن بچی کے ریپ اور قتل کی وجہ سے گذشتہ چھ مہینوں سے خبروں میں ہیں۔ بی جے پی ذرائع نے بتایا کہ رام مادھو اپنے دو روزہ دورے کے دوران جموں میں بی جے پی کی ایگزیکٹو باڈی میٹنگ کی صدارت بھی کریں گے۔ انہوں نے بتایا ’مسٹر مادھو بی جے پی لیڈران، ممبران اسمبلی اور دیگر پارٹی عہدیداروں کے ساتھ ملاقات کریں گے۔ وہ پارٹی کی ایگزیکٹو باڈی میٹنگ کی صدارت بھی کریں گے‘۔ ذرائع نے بتایا کہ رام مادھو جموں میں ہونے والی راشٹریا سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کے ایک اجلاس میں بھی شرکت کریں گے۔ انہوں نے بتایا ’مسٹر مادھو یہاں آل انڈیا راشٹریہ سویم سیوک سنگھ پرچارک کی ایک تقریب میں بھی شرکت کریں گے۔ اس میں جموں وکشمیر کی مجموعی سیاسی صورتحال پر بحث ہوگی‘۔ واضح رہے کہ بی جے پی نے گذشتہ ماہ پی ڈی پی سے تین سالہ اتحاد توڑ کر ریاستی سرکار کو گرادیا۔ رام مادھو پی ڈی پی بی جے پی مخلوط سرکار کے ’معمار‘ تھے۔ حکومت کے گرنے کے بعد پی ڈی پی کے اندر اچانک بغاوت شروع ہوئی اور مبینہ طور پر کم از کم پانچ ممبران اسمبلی بالواسطہ طور پر ریاست میں بی جے پی حکومت بنانے کے لئے کام کررہے ہیں۔ تاہم پی ڈی پی کے باغی اراکین اور بھاجپا لیڈران ان خبروں کی تردید کررہے ہیں۔ یو این آئی